قطر کے راس لفان گیس کمپلیکس میں دھماکہ، 54 افراد زخمی، 18 لاپتہ

قطر کے دارالحکومت دوحہ کے شمال میں ایل این جی ( مائع قدرتی گیس) کے پروسیسنگ سنٹر راس لفان انڈسٹریل سٹی میں دھماکے سے 54 افراد زخمی اور 18 لاپتہ ہو گئے۔

دوحہ۔22جون (اے پی پی):قطر کے دارالحکومت دوحہ کے شمال میں ایل این جی ( مائع قدرتی گیس) کے پروسیسنگ سنٹر راس لفان انڈسٹریل سٹی میں دھماکے سے 54 افراد زخمی اور 18 لاپتہ ہو گئے۔ بی بی سی کے مطابق قطر کی وزارتِ داخلہ نے بیان میں کہا کہ دھماکے کے نتیجے میں 54 افراد زخمی ہوئے جبکہ 18 افراد لاپتہ ہیں، جن کی تلاش جاری ہے۔ بیان کے مطابق دھماکہ ایک تکنیکی حادثے کے باعث ہوا اور اس کے نتیجے میں کسی قسم کا ایسا گیس اخراج نہیں ہوا جو عوامی سلامتی کے لیے خطرہ بنے۔ وزارتِ داخلہ نے بتایا کہ قطری انٹرنیشنل سرچ اینڈ ریسکیو گروپ سول ڈیفنس ٹیموں کے تعاون سے لاپتہ افراد کی تلاش میں مصروف ہے۔ انتظامیہ کے مطابق راس لفان انڈسٹریل سٹی میں پیش آنے والے ایک تکنیکی حادثے کے باعث پہلے دھماکہ ہوا اور پھر بڑے پیمانے پر آگ بھڑک اُٹھی۔ کمپنی نے بیان میں کہا کہ ہنگامی امدادی ٹیموں کو فوری طور پر موقع پر روانہ کیا گیا اور آگ پر کُچھ ہی دیر کے بعد قابو پا لیا گیا ہے۔ سرکاری ملکیتی کمپنی قطر انرجی نے یہ واضح نہیں کیا کہ دھماکے سے پلانٹ کو کوئی نقصان پہنچا یا نہیں۔ یہ پلانٹ قطر کی مقامی مارکیٹ کو گیس فراہم کرتا ہے۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کو ایک عینی شاہد نے بتایا کہ دھماکے کی آواز دارالحکومت دوحہ میں بھی سنی گئی، جو راس لفان فیسلٹی کے جنوب میں واقع ہے۔