عشرہ محرم الحرام، لاہور سمیت پنجاب بھر میں سخت سکیورٹی انتظامات، 45 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات

عشرہ محرم الحرام کے سلسلے میں لاہور سمیت پنجاب بھر میں سکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کیے گئے ہیں اور 6 محرم الحرام کو عزاداری جلوسوں اور مجالس کی حفاظت کے لیے 45 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار فرائض انجام دے رہے ہیں۔

لاہور۔22جون (اے پی پی):عشرہ محرم الحرام کے سلسلے میں لاہور سمیت پنجاب بھر میں سکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کیے گئے ہیں اور 6 محرم الحرام کو عزاداری جلوسوں اور مجالس کی حفاظت کے لیے 45 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار فرائض انجام دے رہے ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق صوبہ بھر میں پیر کو 925 عزاداری جلوس اور 3922 مجالس منعقد ہو رہی ہیں جبکہ لاہور میں 56 عزاداری جلوس برآمد ہوئےاور 425 مجالس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ترجمان کے مطابق صوبہ بھر میں مجالس اور جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات میں 23 ہزار سے زائد کمیونٹی رضاکار بھی پولیس کے ساتھ معاونت فراہم کر رہے ہیں۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا ہے کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی اور حکومت پنجاب کی جانب سے نافذ دفعہ 144 پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش، نفرت انگیز مواد کی تشہیر اور اشتعال انگیزی پر پابندی ہے جبکہ طے شدہ روٹس اور مقامات کے علاوہ کسی بھی جگہ جلوس یا مجلس کی اجازت نہیں ہوگی۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ سیف سٹیز اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ اور دیگر اداروں کے کیمروں کی مدد سے تمام سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ، ٹریفک پولیس، ڈولفن اسکواڈ، پیرو فورس اور دیگر فیلڈ فارمیشنز محرم سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہیں۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ لاوڈ اسپیکر ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کی تشہیر میں ملوث عناصر کے خلاف موثر کارروائی عمل میں لائی جائے۔