نیوی ریسکیو ٹیم کے آپریشنز ، دریائے سندھ میں ڈوبنے والے تین افراد کو بچا لیا

پاکستان نیوی سکھر کی ریسکیو ٹیم نے دریائے سندھ میں روہڑی پل کے قریب دو الگ الگ کامیاب ریسکیو آپریشنز میں ڈوبنے والے تین افراد کو بحفاظت بچا لیا

سکھر۔ 22 جون (اے پی پی):پاکستان نیوی سکھر کی ریسکیو ٹیم نے دریائے سندھ میں روہڑی پل کے قریب دو الگ الگ کامیاب ریسکیو آپریشنز میں ڈوبنے والے تین افراد کو بحفاظت بچا لیا۔ تفصیلات کے مطابق گوٹھ ابراہیم چنہ، تحصیل خیرپور ناتھن شاہ، ضلع دادو کے رہائشی نادر حسین چنہ سکھر کے قریب دریائے سندھ میں نہاتے ہوئے اچانک تیز بہاؤ کی زد میں آ کر ڈوبنے لگے۔

اطلاع ملتے ہی پاکستان نیوی کی ریسکیو ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے انہیں بحفاظت پانی سے نکال لیا۔دوسرے ریسکیو آپریشن میں اولپر فیکٹری کے قریب دریائے سندھ میں نہاتے ہوئے دو کم عمر لڑکے 15 سالہ علی حسن میرانی اور 13 سالہ ذوہیب علی میرانی گہرے پانی میں جانے کے باعث ڈوبنے لگے۔ پاکستان نیوی کی ریسکیو ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں لڑکوں کو بحفاظت ریسکیو کر لیا اور دونوں کی زندگی بچ گئی ۔