یونیورسٹی آف سرگودھا میں پاکستان سپورٹس بورڈ اور ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس کے زیر اہتمام مختلف کھیلوں سے وابستہ کوچز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ریفریشرکورس 2026 کا انعقاد کیا گیا
یونیورسٹی آف سرگودھا میں مختلف کھیلوں سے وابستہ کوچز کے لیے ریفریشرکورس کا انعقاد

مزید خبریں
سرگودھا۔ 22 جون (اے پی پی):یونیورسٹی آف سرگودھا میں پاکستان سپورٹس بورڈ اور ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس کے زیر اہتمام مختلف کھیلوں سے وابستہ کوچز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ریفریشرکورس 2026 کا انعقاد کیا گیا۔اس تربیتی کورس کے ذریعے مقامی اور قومی سطح پر ایتھلیٹکس، فٹ بال، ہاکی، کرکٹ سمیت مختلف کھیلوں کے کوچنگ سٹاف کو سائنسی بنیادوں پرتربیت فراہم کی گئی تاکہ وہ بہتر طریقہ سے کوچنگ کے فرائض سر انجام دے سکیں۔اس سلسلہ میں افتتاحی تقریب ملک فیروز خان نون بزنس سکول ہال میں منعقد ہوئی جس کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس بورڈ ممتازالحق تھے۔اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس مہر احمد خان ہرل سمیت، سرگودھا سے تعلق رکھنےقومی و بین الاقوامی کھلاڑیوں اور یونیورسٹی کے کوچنگ سٹاف اور کوچنگ سے متعلقہ طلبہ نے شرکت کی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز الحق نے کہا کہ گراس روٹ لیول پر کھیلوں کی جدید سہولیات اور تربیت کے مواقع فراہم کیے بغیر کھیل کے میدان میں ترقی ممکن نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس کوچنگ پروگرام کے انعقاد کا مقصد کوچنگ سے وابستہ عملہ کو پیشہ ورانہ مہارتوں سے لیس کرنا ہے تاکہ وہ بہتر طریقہ سے کھلاڑیوں کو ٹرین کر سکیں اور ہونہار کھلاڑیوں کو قومی و بین الاقوامی سطح پر اپنا ماہرانہ کھیل پیش کرنے کے قابل بنا سکیں۔مہر احمد خان ہرل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا کھیلوں اور کھیلوں سے متعلقہ مہارتوں کو فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے یونیورسٹی آف سرگودھا میں ریفریشر کورس کے انعقاد پر پاکستان سپورٹس بورڈ کا شکریہ ادا کیا۔ریفریشر کورس کے دوران کوچنگ کے مختلف قواعد و ضوابط پر مفصل روشنی ڈالی گئی اور کوچنگ سے متعلقہ جدید تکنیکوں اور مہارتوں سے متعلق عملی تربیت فراہم کی گئی۔








