خلیج تعاون کونسل کا امریکا ۔ایران معاہدے کا خیرمقدم، خطے میں کشیدگی میں کمی کی حمایت

خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے سیکرٹری جنرل جاسم محمد البدیوی نے کہا ہے کہ جی سی سی وزارتی رابطہ اجلاس میں خطے کی تازہ ترین صورتحال، علاقائی و بین الاقوامی کشیدگی میں کمی کی کوششوں اور سکیورٹی و استحکام کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

عمان۔23جون (اے پی پی):خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے سیکرٹری جنرل جاسم محمد البدیوی نے کہا ہے کہ جی سی سی وزارتی رابطہ اجلاس میں خطے کی تازہ ترین صورتحال، علاقائی و بین الاقوامی کشیدگی میں کمی کی کوششوں اور سکیورٹی و استحکام کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق یہ بات انہوں نے اردن کے دارالحکومت عمان میں عرب لیگ کی وزارتی سطح کی کونسل کے 165ویں اجلاس کے موقع پر ہونے والے جی سی سی وزرائے خارجہ کے رابطہ اجلاس کے دوران جاری بیان میں کہی۔انہوں نے کہا کہ اجلاس میں امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کا خیرمقدم کیا گیا اور ثالثی و کشیدگی میں کمی کی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔ اجلاس میں امید ظاہر کی گئی کہ یہ معاہدہ خطے اور عالمی سطح پر سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے ایک جامع اور حتمی معاہدے کی راہ ہموار کرے گا۔جی سی سی سیکرٹری جنرل کے مطابق اجلاس میں 167ویں وزارتی اجلاس کے نتائج اور سفارشات کا بھی جائزہ لیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ یہ اقدامات جی سی سی ممالک کے درمیان انضمام کے عمل اور کونسل کی کامیاب پیش رفت کے تسلسل کے لیے اہم ہیں۔