شفا انٹرنیشنل ہاسپٹلز نے سٹروک اور امراض قلب سے متعلق جے سی آئی کلینیکل کیئر پروگراموں کی سرٹیفکیشن بیک وقت حاصل کر لی، یہ منفرد عالمی اعزاز اہم سنگ میل اور قابل فخر لمحہ ہے ،چیف ایگزیکٹو

شفا انٹرنیشنل ہاسپٹلز لمیٹڈ نے صحت کے شعبے میں منفرد عالمی اعزاز کے ساتھ "ایکیوٹ اسکیمک اسٹروک” اور ” ایکیوٹ کورونری سنڈروم ” پروگراموں کے لیے جوائنٹ کمیشن انٹرنیشنل (جے سی آئی) کی کلینیکل کیئر پروگرام سرٹیفکیشن بیک وقت حاصل کر لی ہے

اسلام آباد۔23جون (اے پی پی):شفا انٹرنیشنل ہاسپٹلز لمیٹڈ نے صحت کے شعبے میں منفرد عالمی اعزاز کے ساتھ "ایکیوٹ اسکیمک اسٹروک” اور ” ایکیوٹ کورونری سنڈروم ” پروگراموں کے لیے جوائنٹ کمیشن انٹرنیشنل (جے سی آئی) کی کلینیکل کیئر پروگرام سرٹیفکیشن بیک وقت حاصل کر لی ہے جس کے بعد یہ سٹروک اور امراض قلب کے علاج میں طبی مہارت کے حوالے سے دنیا کے ممتاز اداروں میں شامل ہو گیا ہے۔منگل کو شفا انٹرنیشنل ہاسپٹلز کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دنیا بھر میں دیگر صرف پانچ ہسپتال ایسے ہیں جنہیں ان دونوں میں سے کسی ایک پروگرام کی انفرادی سرٹیفکیشن حاصل ہے جبکہ شفا انٹرنیشنل واحد ہسپتال ہے جس نے دونوں سرٹیفکیشن بیک وقت حاصل کی ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ جوائنٹ کمیشن انٹرنیشنل کے ماہرین نے دونوں پروگراموں کا تفصیلی جائزہ لیا، جس میں ہنگامی طبی امداد، تشخیص، علاج، بحالی اور طویل مدتی مریض نگہداشت سمیت علاج کے مکمل نظام کا معائنہ کیا گیا۔

جائزے کے بعد دونوں پروگراموں کو عالمی معیار کے مطابق قرار دیتے ہوئے سرٹیفیکیشن دی گئی۔شفا انٹرنیشنل کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر ذیشان بن اشتیاق نے اس حوالے سے کہا کہ یہ شفا کے لیے ایک قابل فخر اور تاریخی لمحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہماری پوری ٹیم کی لگن اور اجتماعی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں سرٹیفیکیشنز پاکستان کے لیے اہم سنگ میل ہیں۔ شفا اب پاکستان کا پہلا ہسپتال ہے جس نے ایکیوٹ اسکیمک سٹروک اور ایکیوٹ کورونری سنڈروم دونوں میں جوائنٹ کمیشن انٹرنیشنل کلینیکل کیئر پروگرام سرٹیفیکیشن حاصل کی ہے۔ ۔شفا کی قیادت کا کہنا ہے کہ یہ سرٹیفیکیشنز ہسپتال کے شواہد پر مبنی علاج (ایویڈنس بیسڈ کیئر) کے عزم کی عکاسی کرتی ہیں، جہاں بہترین نتائج کے لیے فیصلے دستیاب طبی شواہد کی بنیاد پر کیے جاتے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے ہی شفا انٹرنیشنل ہسپتال نے جوائنٹ کمیشن انٹرنیشنل کی اکیڈمک میڈیکل سنٹر کی ایکریڈیشن حاصل کی ہے۔ ڈاکٹر ذیشان نے کہا کہ یہ منزل نہیں بلکہ ایک مسلسل سفر ہے اور ہسپتال پورے پاکستان میں مریضوں کی نگہداشت کے معیار کو مسلسل بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔