ایس ای سی پی نے ایل ایس ای کے دوسرے سپیک کے آئی پی او کی منظوری دے دی
ایس ای سی پی نے ایل ایس ای کے دوسرے سپیک کے آئی پی او کی منظوری دے دی

مزید خبریں
اسلام آباد۔23جون (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے ایل ایس ای کی دوسری سپیشل پرپز ایکوزیشن کمپنی (ایس پی اے سی) کی پاکستان سٹاک ایکسچینج میں لسٹنگ کے لیے ابتدائی عوامی پیشکش (آئی پی او) کی منظوری دے دی ہے۔سپیک ٹو ، ایل ایس ای کی دوسری اسپیشل پرپز ایکوزیشن کمپنی ہے جسے پاکستان سٹاک ایکسچینج پر لسٹ کیا جائے گا۔
اس منظوری کے ساتھ مالی سال 2025-26 میں منظور ہونے والے آئی پی اوز کی تعداد 14 ہو گئی ہے جو پاکستان سٹاک ایکسچینج کی تاریخ میں ایک مالی سال کے دوران منظور ہونے والی سب سے زیادہ لسٹنگز ہیں۔ایل ایس ای سپیک ٹو مجموعی طور پر 2 کروڑ شیئرز جاری کرے گی جو کمپنی کے پوسٹ ایشو پیڈ اپ کیپیٹل کا 95.23 فیصد بنتے ہیں۔
ان میں سے 1 کروڑ 80 لاکھ شیئرز پری آئی پی او کے ذریعے ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کے لیے مختص کیے گئے ہیں جبکہ 20 لاکھ شیئرز ریٹیل سرمایہ کاروں کو 10 روپے فی شیئر کے حساب سے پیش کیے جائیں گے۔سپیشل پرپز ایکوزیشن کمپنیاں (ایس پی اے سیز) عوام سے سرمایہ حاصل کر کے مقررہ مدت کے اندر کسی فعال کاروبار یا کمپنی کے حصول کے لیے قائم کی جاتی ہیں۔
پاکستان میں سپیکس کا متعارف ہونا کیپیٹل مارکیٹ میں متنوع مالیاتی مصنوعات، جدید سرمایہ کاری کے ڈھانچوں اور نئے سرمایہ کاری مواقع کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔اس موقع پر ایس ای سی پی کے چیئرمین ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے کہا کہ آئی پی اوز کی بڑھتی ہوئی تعداد پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹ پر کاروباری اداروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاس ہے۔
نئی لسٹنگز کمپنیوں کو طویل المدتی سرمایہ فراہم کرتی ہیں اور سرمایہ کاروں کے لیے نئے مواقع پیدا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایس ای سی پی سرمایہ کاری کے عمل کو مزید آسان اور قابل رسائی بنانے کے لیے اقدامات کر رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ پاکستانی سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کر سکیں اور ملک کی معاشی ترقی اور دولت کی تخلیق میں شریک ہو سکیں۔








