بین سٹوکس اور برینڈن میکولم نے تعلقات میں خرابی کی افواہوں کو مسترد کر دیا

انگلینڈ کے ہیڈ کوچ برینڈن میکولم نے کپتان بین سٹوکس کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہترین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دونوں گہرے دوست ہیں اور انہیں بالکل اندازہ نہیں کہ دونوں کے درمیان اختلافات کی افواہیں کہاں سے پھیلیں۔

نوٹنگھم۔24جون (اے پی پی):انگلینڈ کے ہیڈ کوچ برینڈن میکولم نے کپتان بین سٹوکس کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہترین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دونوں گہرے دوست ہیں اور انہیں بالکل اندازہ نہیں کہ دونوں کے درمیان اختلافات کی افواہیں کہاں سے پھیلیں۔ ڈھاکہ ٹریبیون کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف فیصلہ کن تیسرے ٹیسٹ میچ سے قبل دونوں نے طویل ملاقات کی جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے برینڈن میکولم نے واضح کیا کہ انہوں نے بین سٹوکس سے ان افواہوں کے بارے میں براہِ راست بات کی ہے اور دونوں ہی ان خبروں پر حیران ہیں۔ واضح رہے کہ لندن کے ایک نائٹ کلب میں پیش آنے والے واقعے کے بعد بین سٹوکس اور فاسٹ بولر گس اٹکنسن پر دوسرے ٹیسٹ میں کھیلنے پر پابندی عائد کر دی گئی تھی جس میں انگلینڈ کو عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، تاہم اب تحقیقات کے بعد دونوں کو کلین چٹ مل گئی ہے اور بین سٹوکس دوبارہ کپتانی کے فرائض سنبھالنے کے لیے تیار ہیں۔

انگلینڈ نے تیسرے ٹیسٹ کے لیے اپنی ٹیم میں چار تبدیلیاں کی ہیں جن میں بین سٹوکس اور گس اٹکنسن کے ساتھ ساتھ سپنر شعیب بشیر اور پیٹرنٹی لیو سے واپس آنے والے وکٹ کیپر جیمی سمتھ کی واپسی ہوئی ہے جبکہ ہوم ٹیم اب نیوزی لینڈ کے خلاف 1-1 سے برابر سیریز جیتنے کے لیے میدان میں اترے گی۔ کوچ برینڈن میکولم نے ٹیم کے نائٹ کرفیو کے قوانین پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کے لیے تفریح اور وقت کی پابندی میں توازن ضروری ہے، ماضی میں جو غلطیاں ہوئیں ان سے سیکھ کر اب ٹیم آگے بڑھ رہی ہے اور بین سٹوکس کی واپسی سے پوری ٹیم کا حوصلہ بلند ہے۔واضح رہے کہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کےدرمیان تین میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ کل جمعرات سے نوٹنگھم میں شروع ہوگا۔

مزید خبریں