عالمی کپ فٹ بال ٹورنامنٹ ،انگلینڈ کو مایوس کرنا ہی ہمارا منصوبہ تھا اور ہم کامیاب رہے، کوچ کوئیروز

گھانا کے ہیڈ کوچ کارلوس کوئیروز نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم نے ورلڈ کپ کے گروپ ایل میں انگلینڈ کو 0-0 سے برابری پر روکنے کے لیے ایک واضح اور منظم منصوبے پر عمل کیا جس کا مقصد حریف ٹیم کو مایوس کرنا تھا۔

بوسٹن۔24جون (اے پی پی):گھانا کے ہیڈ کوچ کارلوس کوئیروز نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم نے ورلڈ کپ کے گروپ ایل میں انگلینڈ کو 0-0 سے برابری پر روکنے کے لیے ایک واضح اور منظم منصوبے پر عمل کیا جس کا مقصد حریف ٹیم کو مایوس کرنا تھا۔ شنہوا کے مطابق میگا ایونٹ کے گروپ ایل کے انگلینڈ کے خلاف میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے 73 سالہ پرتگالی کوچ کارلوس کوئیروزنے بتایا کہ ہمارا منصوبہ میچ کے پہلے ہی منٹ سے انگلینڈ کا راستہ روکنا اور انہیں ہاف ٹائم تک پریشان کرنا تھا اور ہم نے بالکل ایسا ہی کیا، جس کی وجہ سے پہلے ہاف کے اختتام پر انگلینڈ کی ٹیم مکمل طور پر بے بس دکھائی دی اور ان کے پاس میچ جیتنے کا کوئی روایتی حل موجود نہیں تھا۔

انہوں نے اپنے کھلاڑیوں کے عزم اور کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے انگلینڈ کے وِنگ حملوں، لانگ کراسز اور سیٹ پیسز کو کامیابی سے بلاک کیا کیونکہ فٹ بال صرف تکنیک کا نام نہیں بلکہ یہ بہادری، حکمتِ عملی اور ذہانت کا کھیل ہے، اگر وہ فٹ بال میں بہتر تھے تو ہم لڑنے کے جذبے میں ان سے آگے تھے۔ فیفا رینکنگ میں 65 ویں نمبر پر موجود گھانا کے کوچ کارلوس کوئیروزنے انگلینڈ کی بال پوزیشن پر بات کرتے ہوئے واضح کیا کہ زیادہ دیر گیند اپنے پاس رکھنے سے میچ نہیں جیتا جاتا اور وہ یہاں کسی بڑی ٹیم کو اپنے خرچے پر لطف اندوز ہونے کا موقع دینے یا تماشائی بننے نہیں آئے بلکہ پوائنٹس حاصل کرنے آئے ہیں۔ اب انگلینڈ اور گھانا دونوں گروپ میں چار چار پوائنٹس کے ساتھ برابر ہیں، جس پر بات کرتے ہوئے کارلوس کوئیروز نے کہا کہ چار پوائنٹس کے ساتھ ہم نے ابھی کچھ جیتا نہیں ہے، ہمارا اصل ہدف دوسرے راؤنڈ تک پہنچنا ہے جس کے لیے ہمیں اپنی توجہ برقرار رکھنی ہوگی۔

مزید خبریں