بٹگرام پولیس نےکارروائی کے دوران قتل مقدمہ میں مطلوب اشتہاری ملزم کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔
بٹگرام، قتل کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری ملزم گرفتار

مزید خبریں
ایبٹ آباد۔ 24 جون (اے پی پی):بٹگرام پولیس نےکارروائی کے دوران قتل مقدمہ میں مطلوب اشتہاری ملزم کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔ ترجمان بٹگرام پولیس کے مطابق ڈی پی او بٹگرام قمر حیات خان کی ہدایات پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران تھانہ شملائی پولیس نے قتل کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری ملزم مظفر کو دشوار گزار اور دور افتادہ پہاڑی علاقے سے گرفتار کر لیا۔ ملزم کے قبضے سے کلاشنکوف اور متعدد کارتوس بھی برآمد کر لئے گئے۔ ڈی ایس پی سرکل بٹگرام عارف خان کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ شملائی ستار خان نے پولیس ٹیم کے ہمراہ خفیہ اطلاع اور پیشہ ورانہ حکمت عملی کے تحت کارروائی کرتے ہوئے اشتہاری ملزم کو گرفتار کیا۔ اشتہاری ملزم نے 8 مئی 2020 کو اپنے دو دیگر ساتھیوں کے ہمراہ ایک خاتون اور ایک مرد کو قتل جبکہ ایک مرد کو زخمی کیا تھا اور وقوعہ کے بعد سے مفرور تھا۔








