ڈپٹی کمشنر کاچائلڈ پروٹیکشن یونٹ کا دورہ،ڈسٹرکٹ آفیسر نے جاری سرگرمیوں پربریفنگ دی

بٹگرام۔ 24 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر بٹگرام محمد شعیب نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) سہیل احمد کے ہمراہ چائلڈ پروٹیکشن یونٹ بٹگرام کا دورہ کیا۔بدھ کو دورے کے دوران ڈسٹرکٹ چائلڈ پروٹیکشن آفیسر ضیافت الاحد نے ڈپٹی کمشنر کو ضلع بھر میں چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کی جاری سرگرمیوں اور اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بچوں کے تحفظ سے متعلق کیس مینجمنٹ، آگاہی و وکالت مہمات، …

بٹگرام۔ 24 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر بٹگرام محمد شعیب نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) سہیل احمد کے ہمراہ چائلڈ پروٹیکشن یونٹ بٹگرام کا دورہ کیا۔بدھ کو دورے کے دوران ڈسٹرکٹ چائلڈ پروٹیکشن آفیسر ضیافت الاحد نے ڈپٹی کمشنر کو ضلع بھر میں چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کی جاری سرگرمیوں اور اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بچوں کے تحفظ سے متعلق کیس مینجمنٹ، آگاہی و وکالت مہمات، متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ کاری، بحالی اور ریفرل سروسز سمیت ضلعی سطح پر بچوں کے تحفظ کے نظام کو مؤثر بنانے کے اقدامات کا احاطہ کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے بچوں کے تحفظ، فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کے یقینی نفاذ کے لیے مربوط اور مؤثر حکمت عملی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے چائلڈ پروٹیکشن یونٹ میں ضلعی چائلڈ پروٹیکشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی جس میں مختلف اہم محکموں کے سربراہان اور نمائندگان نے شرکت کی جن میں محکمہ سماجی بہبود، پراسیکیوشن، پولیس، جیل خانہ جات، تعلیم (مردانہ و زنانہ)، محکمہ پروبیشن، محکمہ محنت (لیبر) اور تحصیل خطیب شامل تھے۔اجلاس کے دوران شرکاء نے ضلع میں بچوں کے تحفظ کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور درپیش چیلنجز، بین الادارہ جاتی رابطہ کاری کے مؤثر طریقہ کار اور بچوں کے تحفظ کی خدمات کو مزید بہتر بنانے کے لیے حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کیا۔ ڈسٹرکٹ چائلڈ پروٹیکشن آفیسر نے جاری کیسز، احتیاطی اقدامات اور ضلعی چائلڈ پروٹیکشن ایکشن پلان کے تحت ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔ڈپٹی کمشنر محمد شعیب نے بچوں کے تحفظ سے متعلق امور میں بروقت ریفرلز، مؤثر رپورٹنگ سسٹم اور کمزور و نازک حالات سے دوچار بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے تمام متعلقہ محکموں کے درمیان مزید مؤثر ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ چائلڈ پروٹیکشن اقدامات کے نفاذ میں فعال کردار ادا کریں اور ضلعی چائلڈ پروٹیکشن کمیٹی کے اہداف کے حصول میں بھرپور تعاون یقینی بنائیں۔اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ تمام شراکت دار ادارے باہمی تعاون سے ضلع بٹگرام کے بچوں کے لیے ایک محفوظ، سازگار اور حفاظتی ماحول کی فراہمی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔