راولپنڈی، اسلام آباد میں پانی کے مسائل کے مستقل حل کیلئے اہم آبی منصوبوں پر پیشرفت جاری
حکومت راولپنڈی اسلام آباد میں پانی کے مسائل کے مستقل حل کے لئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے ، بیرسٹر دانیال چوہدری

مزید خبریں
اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت راولپنڈی اور اسلام آباد میں پانی کے مسائل کے مستقل حل کے لئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور غازی بروتھا سمیت اہم آبی منصوبوں پر پیشرفت جاری ہے۔
بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پانی کا مسئلہ اس وقت ملک کے اہم ترین مسائل میں سے ایک ہے اور حکومت اس کے حل کے لئے مربوط پالیسی کے تحت کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد کے عوام کو پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے مختلف منصوبوں پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ غازی بروتھا منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور حکومت اس کی تکمیل کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی راولپنڈی کو پانی کی فراہمی کے لئےمختلف منصوبوں پر محنت کی گئی اور انہیں منظور کرایا گیا جبکہ موجودہ حکومت بھی اس سلسلے کو آگے بڑھا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ راولپنڈی کے پانی کے مسئلے کو اس دورِ حکومت میں اس انداز سے حل کیا جائے کہ آئندہ 20 سے 25 برس تک شہریوں کو اس حوالے سے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔بلدیاتی نظام سے متعلق سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ ملک کے بڑے شہروں خصوصاً کراچی کو بنیادی شہری سہولیات اور انفراسٹرکچر کے حوالے سے درپیش مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق شہری مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا جبکہ عوامی مسائل کو اجاگر کرنے والوں کی تجاویز کا خیرمقدم کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے اتحادی جماعتوں کے تعاون سے بجٹ کامیابی کے ساتھ منظور کرایا ہے اور اب عوام کو درپیش چھوٹے بڑے مسائل کے حل پر مزید توجہ دی جائے گی۔ایک سوال کے جواب میں بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ کراچی اور لاہور دونوں بڑے اور اہم شہر ہیں جن کے مسائل اور ضروریات مختلف ہیں تاہم حکومت دونوں شہروں میں ترقیاتی منصوبوں اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے لئے کام جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والا ہر دن عوام کے لئے بہتری اور ترقی کی نئی نوید لے کر آئے گا۔








