خیبرپختونخواٹورازم اتھارٹی اور آئی آر ڈیپارٹمنٹ جامعہ پشاور کا انٹرنیشنل اسٹڈیز کانفرنس منعقد کرنے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی اورانٹرنیشنل اسٹڈیز جامعہ پشاور کے باہمی اشتراک سے انٹرنیشنل اسٹڈیز کانفرنس 8 جولائی سے 11جولائی تک باڑہ گلی کیمپس جامعہ پشاور گلیات میں منعقد ہونے جا رہی ہے۔

پشاور۔ 24 جون (اے پی پی):خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی اورانٹرنیشنل اسٹڈیز جامعہ پشاور کے باہمی اشتراک سے انٹرنیشنل اسٹڈیز کانفرنس 8 جولائی سے 11جولائی تک باڑہ گلی کیمپس جامعہ پشاور گلیات میں منعقد ہونے جا رہی ہے۔ خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی تر جمان کے مطابق اس سلسلے میں دونوں محکموں کے مابین مفاہمتی یاداشت کی تقریب خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا کلچر اینڈٹورازم اتھارٹی شاہد خان مہمند اور چیئرمین انٹرنیشنل اسٹڈیز جامعہ پشاورڈاکٹر سید سمیع رضا نے مفاہمتی خط پر دستخط کئے۔

انٹرنیشنل اسٹڈیز کانفرنس کی تھیم پاکستان اور اس سے آگے کے علاقوں میں جغرافیائی سیاسی بہاؤ، اقتصادی مواقع، علاقائی سیاست و سفارت کاری اورماحولیاتی خطرات سے نمٹنے کیلئے اقدامات شامل ہیں۔ کانفرنس کا مقصد تعلیمی تحقیق کیساتھ ساتھ ماحولیاتی خطرات کے بارے میں آگاہی، شعور اور ہم آہنگی ہے تاکہ پائیدار سیاحت کے قیام، ثقافتی ورثے کی خفاظت اور صوبہ کو ماحولیاتی سیاحت کیلئے ایک پرامن مقام کے طور پر فروغ دینا ہے۔اس کے علاوہ 8 جولائی سے 19 جولائی تک سمر سکول کیمپ کا انعقاد کیا جائے گا۔مفاہمتی خط کے مطابق مشکپوری ٹاپ اور گلیات کے دیگر مقامات پر فیلڈ دورے جس میں سیاحت سے متعلق تحقیق اور دیگر سرگرمیاں شامل ہونگی۔

اس کے علاوہ خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی کو کانفرنس کے انعقاد میں سپورٹ فراہم کرنے کیلئے ثقافت کی رونمائی کیلئے ہنرمندوں کے سٹالز لگانے، روایتی فنکاروں پر مشتمل محفل موسیقی کا انعقاد اور سرگرمیاں منعقد کرنے کا کہا گیا ہے۔اس کے علاوہ فیلڈ اور ریسرچ کی سہولت کیلئے گلیات زون میں 35 ایلیٹ ریسرچ افسران کیلئے فیلڈ پر مبنی ماحولیاتی جائزوں کیلئے انتظامی توثیق، مقامی علاقائی ڈیٹا اور لاجسٹک رہنمائی فراہم کریگا۔