ایچ ای سی نے نیشنل سکل کمپی ٹینسی ٹیسٹ 2026 کے نتائج جاری کر دئیے
ایچ ای سی نے نیشنل سکل کمپی ٹینسی ٹیسٹ 2026 کے نتائج جاری کر دئیے
اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے نیشنل سکل کمپی ٹینسی ٹیسٹ (این ایس سی ٹی) 2026 میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کی قومی میرلسٹ جاری کر دی ہے جس میں ملک بھر سے آئی ٹی اور کمپیوٹنگ پروگراموں کے طلبہ کی صلاحیتوں کو سراہا گیا ہے۔
ایچ ای سی کے مطابق این ایس سی ٹی 2026 پاکستان میں آئی ٹی گریجویٹس کی مہارتوں کا پہلا قومی معیار (بنچ مارک) ثابت ہوا جس میں 188 جامعات کے 33 ہزار سے زائد طلبہ کی صلاحیتوں کا جائزہ لیا گیا۔ یہ ٹیسٹ وزیراعظم کی ہدایات کے تحت منعقد کیا گیا اور اس کا مقصد صنعت اور جامعات کے درمیان مہارتوں کے فرق کو کم کرنا اور نوجوانوں کی روزگار کے مواقع تک رسائی بہتر بنانا ہے۔ قومی میرٹ فہرست کے مطابق جامعہ سندھ جامشورو کے زین العابدین نے 97 فیصد نمبر حاصل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ ورچوئل یونیورسٹی اسلام آباد کے فہیم راشد 96 فیصد کے ساتھ دوسرے اور اباسین یونیورسٹی پشاور کے محمد نادر 95 فیصد نمبر لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔
قومی سطح پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے دیگر طلبہ میں محمد کامل، تنویر الحق، ذوالفقار علی، انعام اللہ، انیس عباسی، محمد انیس، احمد عباس خان، بھگوانتی، حفصہ شفیق، آئنہ حیدر، سید احسان اللہ خان، صاحبزادہ اویس احمد، حسنین گل اور عبد الرفیع شامل ہیں۔ایچ ای سی کے مطابق ان طلبہ نے کمپیوٹنگ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں میں غیرمعمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور قومی سطح پر بہترین کارکردگی کا اعزاز حاصل کیا۔
کمیشن کے مطابق یہ کامیابی پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل کے لئے نوجوان افرادی قوت کی تیاری اور استعداد کا واضح ثبوت ہے۔ واضح رہے کہ نیشنل سکل کمپیٹنسی ٹیسٹ کا انعقاد ملک کے 112 شہروں میں 165 مراکز پر کیا گیا تھا جس میں کمپیوٹر سائنس، سافٹ ویئر انجینئرنگ، مصنوعی ذہانت، ڈیٹا سائنس اور دیگر کمپیوٹنگ پروگراموں کے ساتویں اور آٹھویں سمسٹر کے طلبہ نے حصہ لیا۔ کامیاب امیدواروں کو قومی ٹیلنٹ پول میں شامل کئے جانے کے ساتھ ساتھ انٹرن شپ، اپرنٹس شپ اور دیگر پیشہ وارانہ مواقع تک ترجیحی رسائی بھی حاصل ہوگی۔









