نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیرصدارت حضرت بری امام سرکارؒ کے مزار کی ترقی و انتظامی امور سے متعلق کمیٹی کا اجلاس
نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیرصدارت حضرت بری امام سرکارؒ کے مزار کی ترقی و انتظامی امور سے متعلق کمیٹی کا اجلاس
اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے حضرت بری امام سرکارؒ کے مزار کی ترقی و انتظامی امور سے متعلق کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔بدھ کو نائب وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق کمیٹی نے 14 اگست 2026ء کو منعقد ہونے والی ’’چادر پوشی کی تقریب‘‘ اور 15 تا 17 اگست 2026ء منعقد ہونے والے ’’عرس مبارک حضرت بری امام سرکارؒ‘‘ کے انتظامات اور تیاریوں پر تفصیلی غور و خوض کیا۔
نائب وزیراعظم نے اس روحانی و مذہبی مقصد کے لیے کمیٹی کے اراکین کی لگن اور خدمات کو سراہا۔انہوں نے ریلوے کے وفاقی وزیر کی سربراہی میں قائم ذیلی کمیٹی کو ہدایت کی کہ مزار شریف کی دیکھ بھال، مرمت اور تعمیراتی کاموں کی نگرانی کرے اور ان امور کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے کو یقینی بنائے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر ریلوے، وزیر مملکت برائے داخلہ و انسداد منشیات، سیکریٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، لیفٹیننٹ جنرل (ر) افضل جنجوعہ، راجہ سرفراز اکرم، گوہر زاہد ملک اور سہیل بھٹی نے شرکت کی۔









