چین کی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور مصنوعات دنیا کے لیے مواقع اور تقویت کا باعث ہیں ،چینی وزیراعظم

چین کی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز دنیا کیلئے خطرہ نہیں بلکہ مواقع ہیں، لی چھیانگ

بیجنگ۔24جون (اے پی پی):چین کے وزیراعظم لی چھیانگ نے کہا ہے کہ چین کی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور مصنوعات دنیا کے لیے خطرے کی بجائے مواقع اور تقویت کا باعث ہیں ۔ سی جی ٹی این کے مطابق انہوں نے بدھ کو چین کے شہر دالیئن میں سمر ڈیووس فورم 2026 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2026 میں ملک کے پندرہویں پانچ سالہ منصوبے کی شروعات کے موقع پر چین کی معیشت نے ایک مضبوط اور مثبت آغاز کیا ہے، جس سے دنیا میں بڑھتی ہوئی بے یقینی کے ماحول میں قابل قدر یقین فراہم ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین کی طویل مدتی مثبت اور مستحکم اقتصادی ترقی کی کلید جدت پر مبنی ترقی ہے۔ حقائق اس بات کو ثابت کر کرتے ہیں کہ چین کی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور مصنوعات دنیا کے لیے خطرے کی بجائے مواقع اور تقویت کا باعث ہیں ۔ چینی وزیر اعظم نے کہا کہ جدت پر مبنی تعاون عالمی ترقی کو مشکلات سے نکالنے کے لئے ناگزیر انتخاب ہے۔ انہو ں نے کہا کہ ہمیں روابط اور تعاون کو گہرا کرتے ہوئے مشترکہ طور پر ایک کھلی عالمی معیشت کی تعمیر کرنا ہو گی اور مزید وسیع پیمانے پر اپنے اختراعی وسائل کو جمع کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ’’انٹرپرائزز انوویشن‘‘ جدت کی بنیادی قوت ہیں۔ چین مارکیٹ تک رسائی کو مزید وسعت دے گا، پہلے درجے کے کاروباری ماحول کی تشکیل جاری رکھے گا اور چین میں سرمایہ کاری اور کاروبار کرنے کے لیے تمام ممالک کے کاروباری اداروں کا خیرمقدم کرے گا تاکہ وہ چین کے نئے ترقیاتی مواقع کا اشتراک کرسکیں۔ افتتاحی تقریب میں بنگلہ دیش کے وزیر اعظم طارق رحمان، گنی کے وزیر اعظم امادو اوری باہ ، قازقستان کے وزیر اعظم اولژاس بیکتینوف ، جنوبی کوریا کے وزیر اعظم کم من سوک، منگولیا کے وزیر اعظم نیام اُچرال، مونٹینیگریا کے وزیر اعظم میلوئکو سپائیچ اور دنیا بھر سے مختلف شعبوں کے تقریباً 1,800 نمائندوں نے شرکت کی۔