ڈپٹی کمشنر کا گوجرانوالہ ٹیچنگ ہسپتال کا اچانک دورہ، ٹراما سنٹر، ایمرجنسی، ڈینگی وارڈ سمیت مختلف شعبوں کا معائنہ
ڈپٹی کمشنر کا گوجرانوالہ ٹیچنگ ہسپتال کا اچانک دورہ، ٹراما سنٹر، ایمرجنسی، ڈینگی وارڈ سمیت مختلف شعبوں کا معائنہ
گوجرانوالہ۔ 24 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے گوجرانوالہ ٹیچنگ ہسپتال ڈی ایچ کیو کا اچانک دورہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور علاج معالجے کے معیار کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا جن میں ٹراما سنٹر، ایمرجنسی وارڈ، ڈینگی وارڈ، او پی ڈی، فارمیسی، لیبارٹریز اور دیگر طبی یونٹس شامل تھے۔ انہوں نے مختلف وارڈز میں زیر علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کی اور طبی سہولیات، ڈاکٹروں و عملے کے رویے، ادویات کی فراہمی اور علاج کے معیار کے حوالے سے ان کی آراء بھی حاصل کیں۔
ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کی بروقت اور معیاری دیکھ بھال کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے صفائی ستھرائی کے انتظامات مزید بہتر بنانے، ہسپتال میں ادویات کے وافر ذخائر برقرار رکھنے، طبی آلات کو فعال رکھنے اور ڈاکٹرز و پیرامیڈیکل سٹاف کی مکمل حاضری یقینی بنانے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام کو معیاری، تیز رفتار اور شفاف طبی سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ضلعی انتظامیہ صحت کے شعبے میں جاری اصلاحات کے ثمرات عام شہری تک پہنچانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔









