کمشنر سکھر کا خیرپور دورہ، محرم الحرام کے انتظامات اور امن و امان کا جائزہ
کمشنر سکھر کا خیرپور کا دورہ ، محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لیا ، کنٹرول روم کا معائنہ کیا
سکھر۔ 24 جون (اے پی پی):کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی نے خیرپور کا دورہ کر کے محرم الحرام کے دوران امن و امان اور عوامی سہولیات کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔
اس موقع پر انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس خیرپور میں قائم مرکزی کنٹرول روم کا معائنہ کیا اور مانیٹرنگ کے نظام، رابطہ کاری کے انتظامات اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کیے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ کمشنر سکھر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ، صفائی ستھرائی، روشنی، پینے کے پانی اور طبی سہولیات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ادارے باہمی تعاون اور مؤثر رابطے کے ذریعے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں تاکہ عزاداروں کو پرامن اور سہولت بخش ماحول فراہم کیا جا سکے۔ بعد ازاں کمشنر سکھر ڈویژن نے ڈپٹی کمشنر خیرپور الطاف احمد چاچڑ اور ایس ایس پی خیرپور امیر سعود مگسی کے ہمراہ پنجگلہ چوک، نیا گوٹھ، لقمان اور شہر کے دیگر حساس مقامات کا دورہ کیا۔ انہوں نے ماتمی جلوسوں کے روٹس، مجالس کے مقامات اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں اور تمام انتظامات بروقت مکمل کرنے کی تاکید کی۔ دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر خیرپور عمامہ سولنگی، ڈی آئی بی انچارج علی گل ملاح اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔









