تاریخی روہڑی ماتمی جلوس ، چار عزادار جاں بحق ، متعدد زخمی

تاریخی روہڑی ماتمی جلوس ، چار عزادار جاں بحق ، متعدد زخمی

سکھر۔ 25 جون (اے پی پی):روہڑی میں تاریخی 9 محرم کے شمع گل ماتمی جلوس کا تین روزہ سفر جاری، شدید گرمی اور دھکم پیل کی وجہ سے چار عزادار جاں بحق ہوگئے ۔ روہڑی میں ملک کا سب سے بڑا ماتمی جلوس برآمد ہوا ، 9 محرم الحرام کے دن تاریخی شمع گل ماتمی جلوس کا سفر تیسرے روز بھی جاری ہے ۔ ملک بھر سے لاکھوں عزادار ماتمی جلوس میں شریک ہیں ۔

سندھ کے چھوٹے بڑے شہروں سے ہزاروں عزادار ٹرینوں میں سوار ہوکر روہڑی پہنچ چکے ہیں ۔ شدید گرمی اور دھکم پیل کی وجہ سے چار عزادار جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں ۔ جاں بحق ہونے والوں میں سے دو کی شناخت کندھ کوٹ کے رہائشی نوید شیخ اور عمران شیخ کے نام سے ہوئی ہے۔

دو افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے، بیہوش اور زخمی ہونے والے عزاداروں کو فوری طبی امداد کے لئے میڈیکل ٹیمیں اور ایمبولینسز موجود ہیں ۔

گذشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی روہڑی پہنچے اور جلوس کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ چیئرمین ضلع کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ نے بھی ماتمی جلوس کے روٹس اور انتظامات کا جائزہ لیا ۔ سکیورٹی ادارے اور آئی جی سندھ روہڑی ماتمی جلوس کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں ۔