اسحاق ڈار اور علی ڈار کی دربار داتا گنج بخشؒ کے غسل کی بابرکت تقریب میں شرکت
دربار حضرت داتا گنج بخش روحانیت، امن، محبت اور انسانیت کا عظیم مرکز ہے،علی ڈار

مزید خبریں
لاہور۔25جون (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور مشیر وزیراعلیٰ پنجاب و چئیرمین مذہبی امور کمیٹی علی ڈار نے دربار حضرت داتا گنج بخش کے غسل کی بابرکت تقریب میں شرکت کی ۔۔
مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب علی ڈار و سیکرٹری محکمہ اوقاف نے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کا استقبال کیا ۔ اس موقع پر علی ڈار نے کہا کہ دربار حضرت داتا گنج بخش روحانیت، امن، محبت اور انسانیت کا عظیم مرکز ہے،حضرت داتا گنج بخش کی تعلیمات محبت، رواداری اور بھائی چارے کا درس دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ داتا دربار آنے والے ہر شخص کو روحانی سکون، امید اور برکت کا احساس ہوتا ہے۔غسل مزار کی بابرکت تقریب عقیدت، احترام اور روحانی وابستگی کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق مذہبی مقامات کی بہتری، بحالی اور زائرین کے لیے بہترین سہولیات کی فراہمی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دربار حضرت داتا گنج بخش کے تقدس، خوبصورتی اور روحانی ماحول کو برقرار رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔پنجاب حکومت دینی و تاریخی مقامات کی حفاظت اور ترقی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ علی ڈار نے کہا کہ غسل کی تقریب کے بہترین انتظامات پر تمام متعلقہ اداروں اور محکموں کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حضرت داتا گنج بخش کا پیغام اخوت، محبت، خدمتِ خلق اور امن کا پیغام ہے۔








