یومِ عاشورہ: پنجاب بھر میں سکیورٹی اور انتظامات مؤثر رہے
صوبے بھر میں سکیورٹی و انتظامی اقدامات، صوبائی وزرا اور اعلی انتظامی افسران فیلڈ میں موجود رہ کر عزاداری جلوسوں اور مجالس کی مسلسل نگرانی کرتے رہے،مریم اورنگزیب

مزید خبریں
لاہور۔26جون (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایات اور نگرانی میں یومِ عاشور کے موقع پر صوبے بھر میں سیکیورٹی اور انتظامی اقدامات کو یقینی بنایا گیا، جبکہ صوبائی وزرا اور اعلی انتظامی افسران فیلڈ میں موجود رہ کر عزاداری جلوسوں اور مجالس کی مسلسل نگرانی کرتے رہے۔
سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے صوبائی وزرا خواجہ سلمان رفیق، بلال یاسین، چیف سیکرٹری پنجاب، آئی جی پنجاب عبدالکریم اور سیکرٹری ہوم کے ہمراہ مرکزی صوبائی کنٹرول روم کا دورہ کیا، جہاں سے لاہور سمیت صوبے بھر کے مرکزی اور حساس عزاداری جلوسوں، مجالس اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ سیف سٹیز لنک کے ذریعے مختلف اضلاع میں جلوسوں کی لائیو مانیٹرنگ بھی کی گئی، جبکہ آئی جی پنجاب اور سیکرٹری ہوم نے سیکیورٹی اقدامات پر بریفنگ دی۔مریم اورنگزیب نے کنٹرول روم سے مختلف اضلاع کی امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے علاوہ کربلا گامے شاہ کے مرکزی جلوس کا بھی دورہ کیا اور جلوس کے اختتام تک موقع پر موجود رہ کر سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی کی۔سینئر وزیر پنجاب نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق صوبہ بھر میں تمام مجالس اور عزاداری جلوسوں کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں، جبکہ سیف سٹیز منصوبوں کے ذریعے تمام سرگرمیوں کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ یقینی بنائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی نے خود تمام اضلاع سے لمحہ بہ لمحہ رپورٹس حاصل کیں اور ان کی قیادت میں پرامن اور محفوظ یومِ عاشور کے انعقاد کو یقینی بنایا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ عزاداروں کی سہولت کے لیے سکیورٹی کے ساتھ صفائی، میڈیکل کیمپس، سبیلوں، ٹھنڈے پانی کی فراہمی اور شدید گرمی سے بچا ئوکے خصوصی انتظامات کئے گئے۔ پہلی مرتبہ جدید واٹر اور ایئر اسپرے گاڑیوں، سموک گنز، تھری لیئر سکیورٹی، کیو آر کوڈ پر مبنی پینک بٹن اور ڈرون کیمروں کے ذریعے نگرانی جیسے جدید اقدامات کئے گئے تاکہ عزاداروں کو محفوظ اور سہولت بخش ماحول فراہم کیا جا سکے۔سینئر وزیر پنجاب کے مطابق یومِ عاشور کے تمام مرکزی عزاداری جلوس سیکیورٹی اداروں کے حفاظتی حصار میں پرامن طور پر رواں دواں ہیں، جبکہ عزاداروں نے محرم الحرام کے دوران کئے گئے انتظامات پر وزیراعلی پنجاب مریم نواز اور پنجاب حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں قابلِ تعریف قرار دیا۔








