صوبائی دارالحکومت میں اندرون موچی گیٹ نثار حویلی سے برآمد ہونیوالا یوم عاشورہ کا تاریخی مرکزی جلوس اپنے روایتی و مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر

لاہور کا تاریخی مرکزی جلوسِ عاشورہ پُرامن طور پر اختتام پذیر

لاہور۔26جون (اے پی پی):صوبائی دارالحکومت میں اندرون موچی گیٹ واقع نثار حویلی سے برآمد ہونے والا یوم عاشورہ کا تاریخی مرکزی جلوس اپنے روایتی اور مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا جمعہ کی شام کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔

شبیہہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس 9 اور 10 محرم الحرام کی درمیانی شب نثار حویلی سے برآمد ہوا۔ جلوس کی برآمدگی کے موقع پر "یا حسین” کی صداوں اور ماتم کی گونج میں عزاداروں نے حضرت امام حسین اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ جلوس کی برآمدگی کے بعد کشمیری مسجد، محلہ شیعاں میں حسب روایت شہزادہ حضرت علی اکبر کی یاد میں "اذانِ علی اکبر” دی گئی۔عزاداروں نے شب بھر نوحہ خوانی اور ماتم کرتے ہوئے شہدائے کربلا کی لازوال قربانیوں کو یاد کیا۔ مرکزی جلوس جب رنگ محل پہنچا تو شرکائے جلوس نے نمازِ ظہرین ادا کی۔ بعد ازاں جلوس اپنے مقررہ اور قدیمی راستوں سے گزرتا ہوا بعد از نماز مغرب کربلا گامے شاہ پہنچا جہاں اس کا اختتام ہوا۔ جلوس کے اختتام کے بعد مجلسِ شامِ غریباں منعقد کی گئی۔ محکمہ داخلہ اور آئی جی پنجاب کی جانب سے یوم عاشورہ کے مرکزی جلوس کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ جلوس کے روٹ اور اطراف کی عمارتوں کی چھتوں پر سنائپرز تعینات کیے گئے جبکہ مرکزی جلوس کی نگرانی 395 سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی گئی جس کے لیے تین خصوصی آپریشن روم قائم کیے گئے تھے۔ جلوس کی سکیورٹی پر 11ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار تعینات رہے جبکہ جلوس کے داخلی راستوں پر پانچ مقامات پر شرکا کی جامع تلاشی اور چیکنگ کو یقینی بنایا گیا۔ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی، ٹریفک اور انتظامی امور کی مسلسل نگرانی کی گئی تاکہ عزاداروں کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔سیف سٹی کیمروں کے ذریعے 10 محرم الحرام کے مرکزی جلوس کی سیف سٹی ڈرونز کی مدد سے فضائی نگرانی کی گئی ۔مرکزی جلوس کے روٹس کی سیف سٹی کے مرکزی کنٹرول روم سے لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کی گئی۔جلوس کے ہیڈ، ٹیل اور حساس مقامات کی سیف سٹی کے جدید سرویلنس سسٹمز کے ذریعے مسلسل نگرانی کی گئی۔سیف سٹی ڈرونز سے حاصل ہونے والی لائیو ویڈیو فیڈ مرکزی کنٹرول روم میں مسلسل مانیٹر کی گئی۔جدید ڈرون سرویلنس، اے آئی بیسڈ مانیٹرنگ اور سیف سٹی کیمروں کے ذریعے مرکزی جلوس کی سکیورٹی کو موثر بنایا گیا ہے۔