سندھ کابینہ میں تبدیلی کی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں، ضیاء الحسن لنجار
سندھ کابینہ میں تبدیلی کی خبریں افواہیں ہیں، فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی، وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار

مزید خبریں
حیدرآباد۔ 26 جون (اے پی پی):سندھ کے وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار نے کہا ہے کہ سندھ کابینہ میں تبدیلی نہیں ہو رہی، اس حوالے سے مختلف اوقات میں افواہیں گردش کرتی رہتی ہیں تاہم کابینہ میں تبدیلی کا فیصلہ پارٹی قیادت ہی کرتی ہے۔
حیدرآباد کے دورے کے موقع پر وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار نے یوم عاشور کے مرکزی ماتمی جلوس کا دورہ کیا، جلوس کے منتظمین اور انتظامی افسران سے ملاقاتیں کیں اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امید ہے اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے عاشورہ کے تمام جلوس خیر و عافیت سے اختتام پذیر ہوں گے، علماء کرام اور مومنین کا بھرپور تعاون حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر سکیورٹی ہائی الرٹ رکھی گئی ہے۔ حیدرآباد ڈویژن میں 8 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات تھے جبکہ تقریباً 6 ہزار رینجرز اہلکاروں نے بھی سیکیورٹی فرائض انجام دیئے۔ حساس مقامات اور ایسے علاقوں جہاں فرقہ وارانہ کشیدگی کے خدشات ہوں وہاں اضافی انتظامات کیے گئے۔ وزیر داخلہ نے بتایا کہ سندھ بھر میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 65 ہزار پولیس اہلکار سکیورٹی پر مامور ہیں جو خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی، حیدرآباد، روہڑی، خیرپور اور نواب شاہ سمیت جہاں بڑے ماتمی جلوس نکالے جاتے ہیں وہاں فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ مذہبی معاملات میں غلط فہمیاں پھیلانے والے عناصر پر بھی نظر رکھی جا رہی ہے اور ایسے علاقوں میں خصوصی نگرانی کی جا رہی ہے۔ سندھ کابینہ میں تبدیلی سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے باتیں اور افواہیں چلتی رہتی ہیں، کابینہ میں تبدیلی کا فیصلہ پارٹی چیئرمین اور قیادت کی صوابدید ہے اور تمام افراد کو قیادت کے فیصلوں کو تسلیم کرنا ہوتا ہے۔








