امام حسین کی لازوال قربانی امت مسلمہ کیلئے حق و استقامت کا ابدی پیغام ہے،چنیوٹ میں مذہبی ہم آہنگی قابل تقلید ہے،وفاقی وزیر قیصر شیخ

واقعۂ کربلا حق اور باطل کی دائمی جدوجہد کی علامت ہے، قیصر احمد شیخ

فیصل آباد/چنیوٹ ۔ 26 جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا صرف اسلامی تاریخ کا ایک عظیم باب نہیں بلکہ ہر دور کے انسان کے لیے ظلم، جبر اور باطل کے خلاف ڈٹ جانے کا ایسا لازوال پیغام ہے جس نے صدیوں گزرنے کے باوجود اپنی تاثیر برقرار رکھی ہوئی ہے۔

حضرت امام حسین کی عظیم قربانی نے یہ ثابت کر دیا کہ حق کی سربلندی، دین کی حفاظت اور اصولوں پر ثابت قدم رہنے کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے، یہی وجہ ہے کہ آج بھی دنیا بھر میں کروڑوں مسلمان ان کی لازوال قربانی کو عقیدت و احترام کے ساتھ یاد کرتے ہوئے ان کے کردار سے روشنی حاصل کر رہے ہیں۔ وہ جمعہ کو چنیوٹ میں منعقدہ ایک اجتماع سے خطاب کر رہے تھے جس میں سیاسی و سماجی رہنماؤں اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حضرت امام حسین اور اہل بیت اطہار کی بے مثال قربانیوں نے امت مسلمہ کو یہ سبق دیا کہ باطل کے سامنے جھکنے کے بجائے حق اور سچائی کا راستہ اختیار کرنا ہی ایک حقیقی مسلمان کی پہچان ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا نے انسانیت کو عزت، حریت، صبر، استقامت، ایثار اور قربانی کی وہ لازوال اقدار عطا کیں جو رہتی دنیا تک مشعل راہ بنی رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ آج کے حالات میں جب دنیا مختلف چیلنجز، تنازعات اور کشیدگی کا شکار ہے، توامت مسلمہ کو حضرت امام حسین کی تعلیمات سے اتحاد، برداشت، باہمی احترام اور ثابت قدمی کا سبق حاصل کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اہل بیت اطہار سے محبت ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے، تاہم اس کے ساتھ ساتھ صحابہ کرام کی عظیم خدمات اور اسلام کے فروغ کے لیے ان کی لازوال قربانیوں کو بھی ہمیشہ یاد رکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ خلفائے راشدین اور صحابہ کرام نے عدل، مساوات، رواداری اور انسانیت کی خدمت کا ایسا عملی نمونہ پیش کیا جس کی بدولت اسلام کا پیغام دنیا کے دور دراز علاقوں تک پہنچا اور اسلامی تہذیب نے عالمی سطح پر امن، انصاف اور بھائی چارے کو فروغ دیا۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں فرقہ واریت یا اختلافات کا نہیں بلکہ اتحاد، اخوت، برداشت اور ایک دوسرے کے احترام کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ حضرت امام حسین کی سیرت اور واقعہ کربلا کے حقیقی پیغام کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں تاکہ معاشرے میں امن، محبت، برداشت اور یکجہتی کی فضا مزید مضبوط ہو سکے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ انہیں گزشتہ تقریباً پچیس برس سے چنیوٹ میں محرم الحرام کے اجتماعات میں شرکت کی سعادت حاصل ہو رہی ہے اور وہ ہر سال عقیدت و احترام کے ساتھ ان مذہبی تقریبات میں شریک ہوتے ہیں۔ انہوں نے اجتماع کے منتظمین، علمائے کرام اور مذہبی شخصیات کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشوں کی بدولت محرم الحرام کے اجتماعات نہایت منظم، پرامن اور مذہبی احترام کے ماحول میں منعقد ہوتے ہیں۔ قیصر احمد شیخ نے اس موقع پر چنیوٹ کی ترقیاتی ضروریات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شہر اور گردونواح میں بنیادی سہولتوں کی بہتری، رابطہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے حکومت فیڈمک کے انڈسٹریل زون کے منصوبہ پر تیزی سے عملدرآمد کر رہی ہے جو پاکستان کا دوسرا بڑا انڈسٹریل زون ہے۔ اس منصوبہ سے نہ صرف سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا بلکہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے اور مقامی معیشت مزید مستحکم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وہ چنیوٹ کے عوام سے دلی وابستگی رکھتے ہیں اور ان کے مسائل کے حل کو اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چنیوٹ کے عوام کو تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ ان کے دفتر اور دروازے ہر وقت شہریوں کے لیے کھلے ہیں اور وہ بلاامتیاز ہر شخص کے جائز مسائل کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت ہی ان کی سیاست کا بنیادی مقصد ہے اور وہ اپنے حلقے کے عوام کا اعتماد ہر صورت برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔ وفاقی وزیر نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن، استحکام، معاشی خوشحالی اور ترقی کی راہ پر گامزن رکھے، امت مسلمہ میں اتحاد و یگانگت پیدا فرمائے، ملک کو ہر قسم کے داخلی و خارجی خطرات سے محفوظ رکھے اور ہمیں حضرت امام حسین، اہل بیت اطہار اور صحابہ کرام کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے محبت، اخوت، انصاف اور انسانیت کی خدمت کے جذبے کو فروغ دینے کی توفیق عطا فرمائے۔