حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانی حق، صبر، استقامت اور دین اسلام کی سربلندی کی لازوال مثال ہے ،گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان

شہدائے کربلا کی قربانی حق و استقامت کی لازوال مثال ہے، گورنر پنجاب

راولپنڈی۔26جون (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانی حق، صبر، استقامت اور دین اسلام کی سربلندی کی ایسی لازوال مثال ہے جسے رہتی دنیا تک عقیدت و احترام سے یاد رکھا جائے گا۔ یوم عاشور کے موقع پر پوری دنیا کی طرح پاکستان کے کروڑوں مسلمان بھی شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں جبکہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں، پنجاب حکومت، ضلعی انتظامیہ، علماء کرام، تاجروں اور شہریوں نے مثالی یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم عاشور کے مرکزی جلوس کے موقع پر راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ گورنر پنجاب نے یوم عاشور کے موقع پر فول پروف سکیورٹی اور انتظامی اقدامات پر قانون نافذ کرنے والے اداروں، پنجاب حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی، صفائی اور دیگر سہولیات کے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کمشنر، ڈپٹی کمشنر، آر پی او، سی پی او، تمام ڈی پی اوز اور پولیس فورس کی مربوط حکمت عملی اور مؤثر کوآرڈینیشن کو قابل تحسین قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سی پی او راولپنڈی اور ڈی پی او اٹک سمیت تمام متعلقہ ادارے مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے۔ انہوں نے علماء کرام، انجمن تاجران اور شہریوں کے تعاون کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کو اسی اتحاد، یکجہتی اور باہمی تعاون کی ضرورت ہے تاکہ پاکستان کو ترقی اور استحکام کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔