وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ کی یوم عاشور کے مرکزی تعزیہ جلوس میں شرکت، انتظامات پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو خراجِ تحسین

قیصر احمد شیخ کی چنیوٹ میں مرکزی جلوسِ عاشورہ میں شرکت

چنیوٹ۔ 26 جون (اے پی پی):سرمایہ کاری بورڈ کے وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے چنیوٹ میں یوم عاشور کے مرکزی تعزیہ جلوس میں اپنے ڈیرے کے باہر شرکت کی۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چنیوٹ ہمیشہ مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے اور باہمی احترام کی روشن مثال رہا ہے، جہاں تمام مکاتبِ فکر کے لوگ محبت، عقیدت اور اتحاد کے ساتھ یوم عاشور مناتے ہیں۔انہوں نے یوم عاشور کے مثالی انتظامات پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر اداروں نے بہترین انتظامات کیے، جس کے باعث جلوس اور مجالس پرامن ماحول میں منعقد ہوئیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ چنیوٹ میں فرقہ واریت کی کوئی گنجائش نہیں بلکہ یہاں محبت، رواداری اور باہمی احترام کی فضا قائم ہے۔ حضرت امام حسینؓ کی عظیم قربانی پوری امتِ مسلمہ کے لیے صبر، استقامت، حق اور انصاف کا لازوال درس ہے، جس پر عمل پیرا ہو کر ہی معاشرے میں امن اور فلاح کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔انہوں نے مرکزی تعزیہ جلوس کے منتظمین، انجمنوں، رضاکاروں اور عزاداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سب نے مثالی تعاون کیا۔ قیصر احمد شیخ نے مزید کہا کہ حکومت عوامی خدمت اور ترقیاتی منصوبوں کا سفر جاری رکھے گی اور موجودہ قومی قیادت کی رہنمائی میں پاکستان مزید ترقی کرے گا۔قبل ازیں وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے جھنگ وڈ پر پنگو موڑ پر حضرت امام حسینؓ کانفرنس میں بھی شرکت کی۔