حکومت پنجاب یوم عاشور کے پرامن انعقاد، امن و امان کے قیام اور عزاداروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے ،ملک صہیب احمد بھرتھ

یومِ عاشورہ پر عزاداروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی، ملک صہیب بھرتھ

راولپنڈی۔26جون (اے پی پی):صوبائی وزیر برائے بلدیات پنجاب ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب یوم عاشور کے پرامن انعقاد، امن و امان کے قیام اور عزاداروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے جبکہ تمام متعلقہ ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ فیلڈ میں موجود ہیں تاکہ جلوسوں اور مجالس کے دوران عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔

یوم عاشور کے موقع پر صوبائی وزیر نے کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک اور آر پی او بابر سرفراز الپا کے ہمراہ مرکزی جلوس کے روٹس کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ضلعی و پولیس انتظامیہ، ریسکیو 1122، واسا، راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (آر ڈبلیو ایم سی)، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ دورے کے دوران صوبائی وزیر، کمشنر اور آر پی او نے کمیٹی چوک اور اقبال روڈ پر عزاداروں سے ملاقات کی، ان سے انتظامات کے بارے میں دریافت کیا اور جلوس کے روٹ پر کیے گئے انتظامی اقدامات کا جائزہ لیا۔ وفد نے مدرسہ تعلیم القرآن کے منتظمین سے بھی ملاقات کی اور یوم عاشور کے انتظامات، سکیورٹی اور سہولیات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ اعلیٰ حکام نے جلوس کے راستوں پر قائم ٹھنڈے پانی کی سبیلوں، میڈیکل کیمپس، ریسکیو سروسز، صفائی ستھرائی اور ٹریفک مینجمنٹ کے انتظامات کا تفصیلی معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جلوس کے اختتام تک تمام سہولیات بلا تعطل فراہم کی جائیں۔ ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق تمام ادارے مکمل رابطے اور مربوط حکمت عملی کے تحت اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں تاکہ یوم عاشور انتہائی پرامن ماحول میں اختتام پذیر ہو۔ انہوں نے کہا کہ عزاداروں کی سہولت، تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی گئی۔ بعد ازاں صوبائی وزیر، کمشنر راولپنڈی اور آر پی او نے پنجاب سیف سٹی کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا جہاں شہر بھر میں برآمد ہونے والے جلوسوں اور مجالس کی مانیٹرنگ کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک نے کہا کہ یوم عاشور کے لیے فول پروف سکیورٹی پلان پر مؤثر انداز میں عملدرآمد کیا جا رہا ہے اور سیف سٹی، سی سی ٹی وی کیمروں اور جدید مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے شہر بھر کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ جلوس کے آغاز سے اختتام تک فیلڈ میں موجود رہتے ہوئے صفائی، پینے کے پانی، ریسکیو، طبی امداد اور متبادل ٹریفک پلان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ حکام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عزاداروں کی جان و مال کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور بہترین انتظامی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام ادارے باہمی تعاون اور مکمل ہم آہنگی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔