یومِ عاشورہ امن، صبر اور مذہبی ہم آہنگی سے منایا گیا، وزیراعظم شہباز شریف
حضرت امام حسینؓ کی لازوال قربانی انسانیت کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہے گی، وزیراعظم شہباز شریف

مزید خبریں
اسلام آباد۔26جون (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اتحاد، ہمدردی ، انصاف اور راہِ حق پر ثابت قدم رہنے کے کربلا کے پیغام کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بھر میں یومِ عاشور عقیدت، صبر، امن اور مذہبی ہم آہنگی کے ساتھ منایا گیا۔
جمعہ کو ایکس پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ عاشورہ کا مقدس دن اختتام پذیر ہونے پر ہم حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی لازوال قربانی کو انتہائی ادب و احترام کے ساتھ خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ حق، انصاف اور انسانی وقار کے لیے اُن کا بے مثال استقامت بھرا کردار رہتی دنیا تک انسانیت کے لیے مشعلِ راہ رہے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ الحمدللہ! پاکستان بھر میں یومِ عاشور عقیدت، صبر، امن اور مذہبی ہم آہنگی کے ساتھ منایا گیا۔ دعا ہے کہ کربلا کا پیغام ہمیں ہمیشہ اتحاد، ہمدردی، انصاف اور راہِ حق پر ثابت قدم رہنے کی توفیق عطا کرتا رہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان اور پوری امتِ مسلمہ کو دائمی امن، استحکام اور خوشحالی سے نوازے۔







