منشیات کے خلاف جنگ قومی فریضہ ہے، اینٹی نارکوٹکس چیف کا روک تھام کے لیے تمام تر کوششیں تیز کرنے کے عزم کا اعادہ

سعودی عرب کے جنرل ڈائریکٹر برائے اینٹی نارکوٹکس، میجر جنرل محمد بن سعید القرنی نے منشیات کی لعنت کے خلاف جاری کارروائیوں کو تیز کرنے کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ منشیات کی سمگلنگ اور روک تھام کے خلاف جنگ ایک مشترکہ قومی و سماجی فریضہ ہے۔

ریاض ۔27جون (اے پی پی):سعودی عرب کے جنرل ڈائریکٹر برائے اینٹی نارکوٹکس، میجر جنرل محمد بن سعید القرنی نے منشیات کی لعنت کے خلاف جاری کارروائیوں کو تیز کرنے کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ منشیات کی سمگلنگ اور روک تھام کے خلاف جنگ ایک مشترکہ قومی و سماجی فریضہ ہے۔

یہ پیغام سعودی اینٹی نارکوٹکس کی جانب سے’’خلیجی اینٹی نارکوٹکس ویک‘‘ (21 تا 26 جون) اور "منشیات کے خلاف عالمی دن” (26 جون) کے موقع پر جاری کیا گیا ہے۔ اپنے خصوصی پیغام میں میجر جنرل محمد بن سعید القرنی نے واضح کیا کہ منشیات کا چیلنج اب محض ایک انفرادی خطرہ نہیں رہا، بلکہ یہ معاشرے کے امن، استحکام اور ترقی کے لیے ایک حقیقی خطرہ بن چکا ہے، جس سے نمٹنے کے لیے صفوں میں اتحاد اور مربوط کوششوں کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ منشیات کی سمگلنگ اور اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سب سے پہلا قدم سماجی شعور بیدار کرنا ہے۔ اس ضمن میں خاندان، تعلیمی اداروں، سکیورٹی کے شعبوں اور دیگر متعلقہ اداروں کے مابین باہمی تعاون ایک ایسا معاون ماحول فراہم کرے گا جو نئی نسل کو اس دلدل میں دھنسنے سے بچانے اور ان کی صحیح خطوط پر تربیت کرنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے بیداری مہم اور حفاظتی اقدامات کو وطن اور معاشرے کے دفاع کے لیے پہلی دفاعی لائن قرار دیا۔

سربراہ اینٹی نارکوٹکس نے کہا کہ اس لڑائی میں انسانی ہمدردی کے پہلو کو بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ منشیات کی گرفت میں آنے والے افراد کے لیے جامع علاج اور بحالی کے پروگرامز فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ دوبارہ ایک عام اور صحت مند زندگی کی طرف لوٹ کر معاشرے کا فعال حصہ بن سکیں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ مملکت کے امن اور شہریوں کی سلامتی کے تحفظ کے لیے پوری قوت، عزم اور ارادے کے ساتھ اپنی کوششیں جاری رکھیں گے اور معاشرے میں ذمہ داری کے احساس کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔