"پاکستان کا روشن مستقبل نوجوانوں کی قیادت، ذمہ داری کے احساس اور عملی کردار سے وابستہ ہے۔ نوجوان تعلیم، شعور اور مثبت کردار کے ذریعے معاشرے کی تعمیر و ترقی میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔” — آمنہ سردار
پاکستان کا روشن مستقبل نوجوانوں کی قیادت، ذمہ داری کے احساس اور عملی کردار سے وابستہ ہے، آمنہ سردار
ایبٹ آباد۔ 27 جون (اے پی پی):مسلم لیگ (ن) کی رکن خیبر پختونخوا اسمبلی آمنہ سردار نے کہا ہے کہ پاکستان کا روشن مستقبل نوجوانوں کی قیادت، ذمہ داری کے احساس اور عملی کردار سے وابستہ ہے، نوجوان اپنی صلاحیتوں کو نکھاریں، تعلیم، شعور اور مثبت کردار کے ذریعہ معاشرہ کی تعمیر و ترقی میں اپنا موثر کردار ادا کریں، فیوچر لیڈرز یوتھ اسمبلی نوجوانوں میں قائدانہ صلاحیتوں کے فروغ، جمہوری اقدار کے استحکام اور قومی شعور بیدار کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ وہ ہفتہ کو فیوچر لیڈرز یوتھ اسمبلی کے دوسرے پارلیمانی سیشن اجلاس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہی تھی۔
آمنہ سردار نے ”پاکستان کے مستقبل کے معمار کے طور پر نوجوان قیادت، ذمہ داری اور عمل“ کے موضوع پر نوجوانوں سے تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ فورم پاکستان کی بہتری میں اپنا مثبت کردار انتہائی جانفشانی سے انجام دے رہا ہے۔ شرکاء نے آمنہ سردار کی رہنمائی، حوصلہ افزا خیالات اور نوجوانوں کیلئے مثبت پیغام کو بے حد سراہا۔ انہوں نے ممبران سے حلف بھی لیا۔ نئے ممبران کو مبارکباد دی اور چیئرمین انجینئر عرفان خان کی اس کاوش کو سراہا کہ انہوں نے ہر شعبہ فکر کے لوگوں کو ایک جگہ اکٹھا کیا۔ اس بات پر بے حد خوشی کا اظہار کیا گیا کہ بہت ہی محنتی اور معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے والے لوگ اس فورم کا حصہ ہیں جو نہ صرف اپنے علاقوں کیلئے فلاحی کام سرانجام دے رہے ہیں بلکہ پاکستان کی بہتری میں اپنا مثبت کردار انتہائی جانفشانی سے انجام دے رہے ہیں۔









