ترقیاتی کاموں کے دوران شہریوں اور تاجر برادری کی سہولت کو ہر صورت مدنظر رکھا جائے،وفاقی وزیر بلال اظہر کیانی

"ٹریفک مینجمنٹ اور بیوٹیفکیشن منصوبوں کی کامیابی کے لیے تاجر برادری، شہریوں اور انتظامیہ کے درمیان باہمی تعاون ناگزیر ہے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔”

جہلم۔ 27 جون (اے پی پی):وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیر صدارت تحصیل روڈ/ماڈل بازار جہلم پر ٹریفک مینجمنٹ اور جاری بیوٹیفکیشن منصوبے کے حوالے سے تاجر نمائندوں کے ساتھ اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں شہریوں، دکانداروں اور خریداروں کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران تاجر نمائندوں نے جاری بیوٹیفکیشن کے کام کی وجہ سے ٹریفک کی روانی، پارکنگ، متبادل راستوں، دکانوں تک رسائی اور کاروباری سرگرمیوں پر پڑنے والے اثرات کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں۔ متعلقہ محکموں نے موجودہ صورتحال اور ٹریفک مینجمنٹ پلان سے متعلق بریفنگ دی۔وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کے دوران شہریوں اور تاجر برادری کی سہولت کو ہر صورت مدنظر رکھا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بیوٹیفکیشن منصوبے کو منظم انداز میں آگے بڑھایا جائے اور ٹریفک روانی کے لیے قابل عمل متبادل انتظامات کیے جائیں۔ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تاجر نمائندوں کی تجاویز کی روشنی میں ٹریفک مینجمنٹ، پارکنگ نظم، تجاوزات کے تدارک اور عوامی سہولت کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ تاجر برادری کے تعاون سے شہریوں اور کاروباری طبقے کو بہتر ماحول فراہم کرے گی