پنجاب حکومت کا خصوصی بچوں کے لیے ہمت کارڈکا آغاز، نوشہرہ ورکاں سے لسٹیں ارسال

"پنجاب حکومت نے خصوصی بچوں کی فلاح و بہبود اور مالی معاونت کے لیے ‘ہمت کارڈ’ سکیم کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔”

نوشہرہ ورکاں۔28 جون (اے پی پی):پنجاب حکومت نے خصوصی بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے "ہمت کارڈ” سکیم کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔

اس سکیم کے تحت خصوصی تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم بچوں کو ہر سہ ماہی مالی امداد فراہم کی جائے گی۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر و بیت المال عمر رفیق کے مطابق نوشہرہ ورکاں سے بھی معذور بچوں کا مکمل ڈیٹا مرتب کر کے لسٹیں محکمہ کو ارسال کر دی گئی ہیں۔ اس کارڈ کی اہلیت کے بارے میں انہوں نے بتاتے ہوئے کہا کہ ایسے طلباء جو پنجاب کے کسی بھی سرکاری یا رجسٹرڈ خصوصی تعلیمی ادارےاسپشل ایجوکیشن سکول میں زیر تعلیم ہیں اس سکیم کے لیے اہل ہیں۔ پہلے مرحلے میں تقریباً 29,768 بچوں کو ہمت کارڈ جاری کیے جائیں گے۔ عمر رفیقِ نے ہمت کارڈ فوائد بتائے ہوئے کہا کہ ہر 3 ماہ بعد 10,500 روپے براہ راست کارڈ میں منتقل کیے جائیں گے۔ رقم اے ٹی ایم ATM کے ذریعے کسی بھی وقت نکالی جا سکے گی۔ حکومت کی دیگر فلاحی سہولیات بھی آئندہ اسی کارڈ کے ذریعے فراہم کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بچے کا کارڈ بنوانے کے لیے درکار ڈاکومنٹس میں بچے کا کسی سرکاری یا رجسٹرڈ خصوصی اسکول میں داخلہ ہونا لازمی ہے۔ بچے کا معذوری سرٹیفکیٹ سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ میں درج ہو۔ بچے کا بے فارم، والد/والدہ کا شناختی کارڈ اور موبائل نمبر سرکاری پورٹل DPMIS پر رجسٹرڈ ہو۔ زیادہ تر بچوں کا ڈیٹا ان کے متعلقہ اسکول انتظامیہ خود ہی بھجواتی ہے، والدین کو الگ سے درخواست دینے کی ضرورت نہیں۔ کارڈ منظور ہونے پر والدین کو موبائل پر میسج موصول ہو گا۔ ضرورت پڑنے پر بائیو میٹرک تصدیق بھی کی جائے گی۔تصدیق کے بعد کارڈ اسکول، ضلعی دفتر یا بینک آف پنجاب BOP کی برانچ سے حاصل کیا جا سکے گا۔بچے کا بے فارم، والد یا والدہ کا شناختی کارڈ، سرکاری معذوری سرٹیفکیٹ، ایک فعال موبائل نمبر اور اسکول میں داخلے کا ثبوت ہو۔ مزید معلومات یا شکایات کے لیے حکومت کی ہیلپ لائن 1312 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ آن لائن تفصیلات کے لیے پنجاب ہمت کارڈ پورٹل وزٹ کریں