"وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام سے ضلع دیر کے وفد نے ملاقات کی، جس میں سیاسی امور، عوامی مسائل اور علاقے کی ترقی سے متعلق مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔”
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام سے جہانزیب خان کی قیادت میں دیر کے وفد کی ملاقات

مزید خبریں
پشاور۔ 28 جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام سے ان کی رہائش گاہ، کینٹ پشاور میں سابق صوبائی وزیر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) مالاکنڈ ڈویژن کے صدر جہانزیب خان کی قیادت میں ضلع دیر کے ایک وفد نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران خطے کی مجموعی سیاسی صورتحال، عوام کو درپیش مسائل، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ وفد نے ضلع دیر کے مختلف علاقوں میں عوام کو درپیش مسائل اور مقامی سطح پر موجود چیلنجز سے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کو آگاہ کیا۔وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے وفد کی جانب سے پیش کیے گئے مسائل کو غور سے سنا اور اُن کے جلد اور مؤثر حل کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کا بروقت اور پائیدار حل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وفد نے عوامی مسائل کے حل میں خصوصی دلچسپی لینے پر وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ اس موقع پر سابق رکنِ قومی اسمبلی حاجی عنایت خان، پاکستان مسلم لیگ (ن) لوئر دیر کے ضلعی صدر فاروق اقبال، تحصیل صدر ملک عامر نواز خان اور یوتھ کوآرڈینیٹر ملک نعمان سمیت دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔








