"وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام سے ملاقات کے دوران معروف قانون دان ایڈووکیٹ عمران خان مٹا نے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔”
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام سے معروف قانون دان ایڈووکیٹ عمران خان مٹا کی ملاقات، پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان

مزید خبریں
پشاور۔ 28 جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام سے پشاور ہائی کورٹ بار کے سابق جنرل سیکرٹری اور معروف قانون دان ایڈووکیٹ عمران خان مٹا نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔
اس موقع پر انہوں نے اپنے خاندان اور ہزاروں ساتھیوں سمیت باضابطہ طور پر پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے ایڈووکیٹ عمران خان مٹا کو پارٹی کیپ پہنائی، مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر مبارکباد دی اور انہیں خوش آمدید کہا۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے وکلا برادری کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے فروغ میں وکلا کا کردار ہمیشہ کلیدی رہا ہے۔ایڈووکیٹ عمران خان مٹا نے اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ قائد محمد نواز شریف، وزیرِاعظم محمد شہباز شریف اور انجینئر امیر مقام کی قیادت میں پارٹی کے ویژن، منشور اور عوامی خدمت کے مشن کو آگے بڑھانے کےلیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔اس موقع پر پشاور ہائی کورٹ بار کے جنرل سیکرٹری اشفاق احمد دادوزئی، مسلم لائرز فورم کے صدر ہدایت اللہ خان، جنرل سیکرٹری اکبر یوسف خان اور مسلم لائرز فورم کے دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔








