میئر کراچی کی رینجرز کیمپ پر دہشت گرد حملے کی مذمت

"میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے رینجرز کے کیمپ پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔”

کراچی۔ 28 جون (اے پی پی):میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے پاکستان رینجرز سندھ کے کیمپ پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن کی سلامتی اور امن کے قیام کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء پوری قوم کا فخر ہیں۔

اتوار کو جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ پاکستان رینجرز کے جوانوں نے دہشتگرد حملے کا بہادری اور حوصلے سے مقابلہ کیا،دہشتگرد عناصر کی کارروائیاں ملک کے امن اور استحکام کو متاثر نہیں کرسکتیں۔انہوں نے کہاکہ سیکیورٹی فورسز کی ملک کے دفاع اور عوام کے تحفظ کے لیے خدمات قابلِ قدر ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے متحد ہوکر مقابلہ کرنا ہوگا،پاکستان رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں اور خدمات قابلِ احترام ہیں۔میئر کراچی نے حملے میں متاثرہ اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے تمام زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔