ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے کشمیر پوائنٹ مری کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کا مقصد سیاحتی مقام پر صفائی ستھرائی، بنیادی سہولیات، ٹریفک مینجمنٹ، پارکنگ، انتظامی امور اور سیاحوں کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لینا تھا۔
ڈپٹی کمشنر مری کا کشمیر پوائنٹ مری کا دورہ
راولپنڈی۔ 28 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے کشمیر پوائنٹ مری کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کا مقصد سیاحتی مقام پر صفائی ستھرائی، بنیادی سہولیات، ٹریفک مینجمنٹ، پارکنگ، انتظامی امور اور سیاحوں کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لینا تھا۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے کشمیر پوائنٹ پر صفائی ستھرائی کی مجموعی صورتحال، کیبنز کی حالت، مرمت و بحالی کے جاری کاموں، واک ویز، عوامی سہولیات، پارکنگ ایریاز اور دیگر انتظامات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران سے مختلف امور پر بریفنگ بھی لی اور موقع پر موجود سیاحوں سے سہولیات کے حوالے سے دریافت کیا۔ڈپٹی کمشنر نے ٹریفک کی روانی اور پارکنگ کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ سیاحوں کی بڑھتی ہوئی آمد کے پیش نظر ٹریفک کی مؤثر نگرانی، پارکنگ کے بہتر انتظامات اور پیدل چلنے والوں کی سہولت کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کشمیر پوائنٹ پر صفائی کے اعلیٰ معیار کو ہر صورت برقرار رکھا جائے، کوڑا کرکٹ کی بروقت تلفی کو یقینی بنایا جائے، کیبنز اور دیگر تنصیبات کی فوری مرمت مکمل کی جائے جبکہ عوامی سہولیات کی مسلسل دیکھ بھال اور نگرانی کے لیے مؤثر نظام وضع کیا جائے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے اور مؤثر ہم آہنگی کے ذریعے اپنی ذمہ داریاں بروقت انجام دیں تاکہ سیاحوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مری ملک کا ایک اہم سیاحتی مرکز ہے، جہاں روزانہ بڑی تعداد میں سیاح آتے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ اس امر کے لیے پرعزم ہے کہ مری آنے والے ہر سیاح کو صاف، محفوظ، منظم اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی خدمت، بہترین انتظامات اور سیاحوں کی سہولت ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، جبکہ تمام متعلقہ اداروں کی کارکردگی کی مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے گی تاکہ سیاحتی مقامات پر اعلیٰ معیار کی سہولیات برقرار رہیں۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تمام متعلقہ افسران فیلڈ میں اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں، مسائل کی بروقت نشاندہی کرکے فوری حل کریں اور سیاحوں کی شکایات کے ازالے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ مری کا مثبت تشخص مزید اجاگر ہو اور سیاح خوشگوار یادوں کے ساتھ واپس لوٹیں۔









