واسا افسران فیلڈ میں نکلیں اور شہریوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کریں، ایم ڈی واسا سرگودھا

منیجنگ ڈائریکٹر واسا سرگودھامحمد ابوبکر عمران نے ہدایت کی ہے کہ واسا افسران فیلڈ میں نکلیں اور شہریوں کے مسائل ان کی دہلیز پر جا کر حل کریں، یونین کونسل اورمحلے کی سطح پرکھلی کچہریوں کاانعقادیقینی بنائیں ، عوام کی جانب سے شکایات کے ازالے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور ہر سب ڈویژن میں متعلقہ ایکسین اپنی کارکردگی کا براہ راست ذمہ دار ہوگا۔

سرگودھا۔ 28 جون (اے پی پی):منیجنگ ڈائریکٹر واسا سرگودھامحمد ابوبکر عمران نے ہدایت کی ہے کہ واسا افسران فیلڈ میں نکلیں اور شہریوں کے مسائل ان کی دہلیز پر جا کر حل کریں، یونین کونسل اورمحلے کی سطح پرکھلی کچہریوں کاانعقادیقینی بنائیں ، عوام کی جانب سے شکایات کے ازالے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور ہر سب ڈویژن میں متعلقہ ایکسین اپنی کارکردگی کا براہ راست ذمہ دار ہوگا۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے واسا کی کارکردگی کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایکسیئن ، سب ڈویژنل افسران اور دیگر سٹاف نے شرکت کی۔

مینجنگ ڈائریکٹر واسا ابوبکر عمران نے کہا کہ واسا افسران اپنی ریونیو وصولیوں میں اضافہ کریں اور تمام اثاثہ جات کی جیو ٹیگنگ مکمل کرکے اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت بوٹیلنگ پلانٹ سمیت دیگر منصوبوں کی تجاویز تیار کریں۔ انہوں نے سیوریج اور ویسٹ واٹر کے موثر استعمال کے لیے قابل عمل منصوبہ بندی بھی طلب کی۔ انہوں نے کہا کہ ہر برانچ کے لیے واضح کی پرفارمنس انڈیکیٹرز (کے پی آئیز) مقرر کیےجائیں اور تمام افسران کی اے سی آرز کو ان کی کارکردگی سے مشروط کیا جائے۔ ایم ڈی واسا نے کہا کہ واسا کے قیام کے وقت ادارے کے پاس 32 ہزار کنکشن موجود تھے جن میں تقریباً 10 ہزار واٹر سپلائی کنکشن شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ جاری سروے کے دوران اب تک تقریباً 50 ہزار گھروں کا ریکارڈ مرتب کیا جا چکا ہے اور تمام ڈیٹا کو جیو ٹیگ کیا جا رہا ہے۔

سروے کی تکمیل کے بعد جامعہ سرگودھا کے شعبہ شماریات کے ذریعے اس کی تصدیق کرائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیر قانونی کنکشنز کو قانونی بنانے اور واٹر سپلائی و سیوریج بلوں کی وصولی کے لیے خصوصی مہم جاری ہے۔ بلوں کی پرنٹنگ کا عمل مکمل کیا جا رہا ہے جبکہ 10 جولائی2026ء تک وصولیوں کے اہداف حاصل کرنے کے لیے متعلقہ عملے کو ٹارگٹس دے دیے گئے ہیں۔ ایم ڈی نے کہا کہ اب شہری اپنے بل صرف ایزی پیسہ یا جاز کیش ہی نہیں بلکہ تمام بینکوں کے ذریعے بھی جمع کرا سکیں گے۔ انہوں نے واسا کے 1334 شکایات سیل کو مزید فعال بنانے اور موصول ہونے والی شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔