ریسکیو 1122 فیصل آباد کی جڑانوالہ میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پری فلڈ موک ایکسرسائز
ریسکیو 1122 فیصل آباد کی جڑانوالہ میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پری فلڈ موک ایکسرسائز

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 30 جون (اے پی پی):ریسکیو 1122 فیصل آباد نے جڑانوالہ، گوگیرہ برانچ نہر کے مقام پر ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پری فلڈ موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا۔ ترجمان ریسکیو 1122 فیصل آباد زاہد لطیف نے بتایا ہے کہ عملی مشقیں سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارۂ امتیاز) کی ہدایات اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینیئر احتشام واہلہ کی زیرِ نگرانی منعقد کی گئیں۔مشقوں میں ضلعی و تحصیل انتظامیہ، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، محکمہ صحت، لائیو سٹاک، ریسکیو رضا کاروں اور دیگر متعلقہ اداروں نے بھرپور انداز میں حصہ لیا۔
اس موقع پر تحصیل انچارج ریسکیو سیفٹی آفیسر محمد شاہد نے ممکنہ سیلابی آپریشن، دستیاب وسائل، ریسکیو آلات اور ایمرجنسی رسپانس کے طریقہ کار پر بریفنگ دی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ رنگزیب گورایہ نے مشقوں کا جائزہ لیا اور تمام اداروں کی پیشہ ورانہ تیاریوں اور باہمی ہم آہنگی کو سراہا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ نے کہا کہ ریسکیو 1122 سمیت تمام متعلقہ ادارے کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اداروں کے درمیان موثر رابطہ، بروقت کارروائی اور پیشہ ورانہ مہارت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام واہلہ نے بتایا کہ ان مشقوں کا مقصد مختلف اداروں کے درمیان باہمی رابطے کو مزید مضبوط بنانا، دستیاب وسائل اور آپریشنل استعداد کا جائزہ لینا، بروقت رسپانس کو بہتر بنانا اور ہنگامی حالات میں موثر کوآرڈینیشن کو یقینی بنانا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ سیلابی خطرے کی صورت میں انسانی جانوں اور املاک کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔فرضی مشقوں کے دوران ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے کشتیوں کے ذریعے متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے، زخمیوں کو موقع پر فوری ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے اور انہیں بروقت ہسپتال منتقل کرنے کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔ ریسکیو کے تربیت یافتہ تیراکوں اور غوطہ خوروں نے ڈوبنے والے افراد کو محفوظ طریقے سے نکالنے اور واٹر ریسکیو کی پیشہ ورانہ مہارتوں کا بھی عملی مظاہرہ کیا۔








