عمرہ ویزے پر سعودی عرب کے راستے کمبوڈیا فرار ہونے کی کوشش ناکام، مسافر اسلام آباد ایئرپورٹ پر آف لوڈ

عمرہ ویزے پر سعودی عرب کے راستے کمبوڈیا فرار ہونے کی کوشش ناکام، مسافر اسلام آباد ایئرپورٹ پر آف لوڈ

اسلام آباد۔30جون (اے پی پی):وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) امیگریشن نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے عمرہ ویزے کی آڑ میں سعودی عرب کو بطور ٹرانزٹ استعمال کر کے کمبوڈیا جانے کی کوشش کرنے والے مسافر کو آف لوڈ کر دیا۔ایف آئی اے کے مطابق مسافر اپنی والدہ کے ہمراہ عمرہ ویزے پر نجی ایئرلائن کی فلائٹ (ED-272) کے ذریعے سعودی عرب روانہ ہو رہا تھا کہ امیگریشن حکام نے شک گزرنے پر اسے روک لیا۔ سیکنڈری پروفائلنگ کے دوران انکشاف ہوا کہ مذکورہ مسافر اس سے قبل بھی رواں سال 14 اپریل 2026 کو کمبوڈیا جانے کی کوشش کے دوران آف لوڈ کیا جا چکا ہے۔

ایف آئی اے حکام نے کارروائی کے دوران مسافر کے موبائل فون کی فرانزک کی، جس سے سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے۔ موبائل سے ملنے والے وائس نوٹس اور چیٹ ریکارڈ سے واضح ہوا کہ مسافر ایک انسانی اسمگلر (ایجنٹ) کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھا۔مسافر کا منصوبہ تھا کہ وہ والدہ کے ہمراہ سعودی عرب پہنچنے اور ان کی واپسی کے بعد، عمرہ ویزے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سعودی عرب کو بطور ٹرانزٹ استعمال کرے گا اور وہاں سے کمبوڈیا فرار ہو جائے گا۔

حکام کے مطابق ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز کی جانب سے جاری کردہ رسک پروفائل کے تحت مسافر کا نام مشکوک سرگرمیوں میں شامل تھا اور موبائل فون سے ملنے والے شواہد نے اس کے کمبوڈیا جانے کے ارادے کو قطعی طور پر ثابت کر دیا۔ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ مسافر کو پرواز سے آف لوڈ کرنے کے بعد مزید تفتیش اور سخت قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد کے حوالے کر دیا گیا ہے، جہاں ایجنٹ کی گرفتاری کے لیے بھی تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے۔

 

مزید خبریں