ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا ہے کہ پارلیمان کسی بھی جمہوری ریاست کا وہ بنیادی ستون ہے جہاں عوام کی آواز کو آئینی اور قانونی شکل دی جاتی ہے، قومی پالیسیوں کی سمت متعین ہوتی ہے اور اجتماعی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے مستقبل کا تعین کیا جاتا ہے۔
پارلیمان کسی بھی جمہوری ریاست کا وہ بنیادی ستون ہے جہاں عوام کی آواز کو آئینی اور قانونی شکل دی جاتی ہے ، سیدال خان ناصر

مزید خبریں
اسلام آباد۔30جون (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا ہے کہ پارلیمان کسی بھی جمہوری ریاست کا وہ بنیادی ستون ہے جہاں عوام کی آواز کو آئینی اور قانونی شکل دی جاتی ہے، قومی پالیسیوں کی سمت متعین ہوتی ہے اور اجتماعی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے مستقبل کا تعین کیا جاتا ہے۔سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق بین الاقوامی یومِ پارلیمان کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہر سال 30 جون کو منایا جانے والا بین الاقوامی یومِ پارلیمان اس حقیقت کی تجدید کا دن ہے کہ مضبوط، خودمختار اور باوقار پارلیمانی ادارے ہی جمہوری استحکام، قانون کی بالادستی، شفاف طرزِ حکمرانی اور عوامی اعتماد کی ضمانت ہوتے ہیں، ایک فعال پارلیمان نہ صرف عوامی مسائل کا مؤثر حل پیش کرتی ہے بلکہ قومی یکجہتی، سماجی انصاف اور پائیدار ترقی کے فروغ میں بھی کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سینیٹ آف پاکستان وفاق کی وحدت، آئینی بالادستی اور جمہوری روایات کے استحکام کے لئے اپنی ذمہ داریاں پوری سنجیدگی اور عزم کے ساتھ نبھا رہی ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ مؤثر قانون سازی، عوامی امنگوں کی ترجمانی، پارلیمانی نگرانی اور بین الپارلیمانی تعاون ایسے بنیادی ستون ہیں جو ریاستی اداروں کو مضبوط اور جمہوری نظام کو مستحکم بناتے ہیں۔سیدال خان ناصر نے کہا کہ موجودہ عالمی منظرنامے میں پارلیمانی سفارتکاری کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکی ہے کیونکہ پارلیمانیں بین الاقوامی تعاون، علاقائی امن، باہمی احترام اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لئے مؤثر کردار ادا کر سکتی ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان عالمی پارلیمانی برادری کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید وسعت دینے اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔انہوں نے خواتین، نوجوانوں اور معاشرے کے تمام طبقات کی فعال اور مؤثر نمائندگی کو ایک جامع اور مضبوط جمہوری نظام کی بنیادی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ترقی یافتہ اور مستحکم معاشرے وہی ہوتے ہیں جہاں ہر شہری کو مساوی مواقع، مؤثر نمائندگی اور قومی فیصلوں میں بھرپور شرکت حاصل ہو۔
آخر میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے دنیا بھر کے پارلیمنٹیرینز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمت، جمہوری اقدار، امن، انصاف اور انسانی وقار کے فروغ کے لیے ان کی کاوشیں قابلِ ستائش ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنے جمہوری اداروں کو مزید مضبوط بنانے، آئینِ پاکستان کی بالادستی کو یقینی بنانے، پارلیمانی روایات کو فروغ دینے اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے اپنی قومی ذمہ داریاں پوری دیانت، عزم اور ذمہ داری کے ساتھ ادا کرتا رہے گا۔








