کمبوڈیا ، دارالحکومت نوم پنہ میں مسلسل دوسرے سال آبی تہوار منسوخ

کمبوڈیا نے مسلسل دوسرے سال دارالحکومت نوم پنہ میں منعقد ہونے والا سالانہ آبی تہوار منسوخ کر دیا

نوم پنہ ۔1جولائی (اے پی پی):کمبوڈیا نے مسلسل دوسرے سال دارالحکومت نوم پنہ میں منعقد ہونے والا سالانہ آبی تہوار منسوخ کر دیا ، جو 23تا 25 نومبر کو ہونا تھا۔شنہوا کے مطابق بدھ کو جاری کیے گئے سرکاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ بدلتی ہوئی قومی ترجیحات، سرحدی مسائل، عوامی ضروریات اور بے گھر افراد کی امداد کے پیش نظر تہوار منسوخ کیا گیا ہے۔اعلامیے کے مطابق صوبوں میں مقامی روایات کے مطابق تقریبات منعقد کی جا سکتی ہیں، تاہم دارالحکومت نوم پنہ میں مرکزی تقریبات نہیں ہوں گی۔حکومت نے واضح کیا ہے کہ اس موقع پر سرکاری ملازمین اور نجی شعبے کے کارکنوں کے لیے تین روزہ سرکاری تعطیلات بدستور برقرار رہیں گی۔آبی تہوار کمبوڈیا کی سب سے بڑی ثقافتی تقریبات میں شمار ہوتا ہے، جس میں ہر سال ملک بھر سے لاکھوں افراد دارالحکومت نوم پنہ کا رخ کرتے ہیں۔ اس موقع پر ٹونلے ساپ دریا میں شاہی محل کے سامنے روایتی کشتی رانی کے مقابلے منعقد کیے جاتے ہیں۔