محکمہ موسمیات کے فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن اور پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری کردہ تازہ فلڈ فورکاسٹنگ رپورٹ کے مطابق آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے پہاڑی رودکوہی نالوں میں اچانک سیلاب آنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے
ڈیرہ غازی خان میں آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران ممکنہ طور پر سیلاب آنے کا خدشہ،عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت

مزید خبریں
ڈیرہ غازی خان ۔ 01 جولائی (اے پی پی):محکمہ موسمیات کے فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن اور پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری کردہ تازہ فلڈ فورکاسٹنگ رپورٹ کے مطابق آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے پہاڑی رودکوہی نالوں میں اچانک سیلاب آنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔بدھ کوجاری کردہ رپورٹ کے مطابق مغربی ہواؤں کے نئے سلسلے اور مون سون کی مرطوب ہواؤں کے اثرات کے باعث ڈیرہ غازی خان اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ ان بارشوں کے نتیجے میں پہاڑی ندی نالوں میں اچانک طغیانی پیدا ہو سکتی ہے، جس سے نشیبی علاقوں اور رودکوہی بیلٹ میں پانی داخل ہونے کا خدشہ ہے۔پی ڈی ایم اے نے مزید خبردار کیا ہے کہ 2 سے 4 جولائی کے دوران ملک کے مختلف دریاؤں اور نہروں میں پانی کی آمد میں اضافے کا امکان ہے۔ اسی دوران ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے رودکوہی نالوں، دریائے کابل کے ملحقہ نالوں اور شمالی بلوچستان میں سیلابی کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔رپورٹ میں ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ رہنے اور ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پیشگی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اس کے علاوہ شہریوں، خصوصاً رودکوہی علاقوں اور پہاڑی نالوں کے اطراف رہنے والوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، بارش کے دوران برساتی نالوں کو عبور نہ کریں، بچوں اور مویشیوں کو ندی نالوں کے قریب نہ جانے دیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں۔محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے نے عوام سے کہا ہے کہ وہ موسم اور سیلاب سے متعلق سرکاری ہدایات پر عمل کریں اور صرف مستند ذرائع سے جاری ہونے والی اطلاعات پر اعتماد کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے محفوظ رہا جا سکے۔








