وزیراعظم محمد شہباز شریف نےچاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں دانش سکولوں کی تعمیر جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دانش سکول اور دانش یونیورسٹی انتہائی اہم قومی اثاثہ ہیں،ملک بھر میں دانش سکولوں اور اسلام آباد میں دانش یونیورسٹی کی تعمیر قوم کے تابناک مستقبل کے لئے بہترین سرمایہ کاری ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں دانش سکولوں کی تعمیر جلد مکمل کرنے کی ہدایت

مزید خبریں
اسلام آباد۔1جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نےچاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں دانش سکولوں کی تعمیر جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دانش سکول اور دانش یونیورسٹی انتہائی اہم قومی اثاثہ ہیں،ملک بھر میں دانش سکولوں اور اسلام آباد میں دانش یونیورسٹی کی تعمیر قوم کے تابناک مستقبل کے لئے بہترین سرمایہ کاری ہے۔
بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے ان خیالات کا اظہار ملک میں دانش سکولوں اور دانش یونیورسٹی کے قیام سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں وفاقی وزرا، اعظم نذیر تارڑ، احسن اقبال، عطاء اللہ تارڑ، خالد مقبول صدیقی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ مظفر آباد میں دانش یونیورسٹی کا ٹیک کیمپس بنایا جائے، چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں دانش سکولوں کی تعمیر جلد از جلد مکمل کی جائے،دانش سکولوں کا ڈیزائن علاقائی ثقافت سے ہم آہنگ ہونا چاہئے،دانش سکولوں اور یونیورسٹی میں تدریسی اور دیگر عملے کی بھرتی خالصتاً میرٹ پر کی جائے۔
وزیر اعظم نے دانش سکولوں کی تعمیر کے حوالے سے تیز پیشرفت پر وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کی ٹیم کی پذیرائی کی۔اجلاس میں وزیراعظم کو خیبر پختونخوا، سندھ، بلوچستان، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور اسلام آباد میں 27 دانش سکولوں اور اسلام آباد میں دانش یونیورسٹی کی تعمیر کی پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا گیا ۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ دانش سکول کری اسلام آباد کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے اور سکول میں تدریس کا آغاز ہو چکا ہے،باغ، بھمبر، سلطان آباد، گانچھے اور استور میں دانش سکولوں کی تعمیر مکمل ہونے کو ہے اور اپریل 2027 سے کلاسز شروع ہو جائیں گی، دانش یونیورسٹی میں تدریسی عملے کی بھرتی کے عمل کا آغاز کیا گیا ہے، دانش یونیورسٹی میں2027ء سے کلاسز کا آغاز ہو گا اور ملک بھر بالخصوص پسماندہ علاقوں سے میرٹ کی بنیاد پر طلباء کو داخلہ دیا جائے گا۔








