نجکاری کمیشن نے بجلی کی تقسیم کار سرکاری کمپنیوں (ڈسکوز) کے نجکاری پروگرام کے پہلے مرحلہ کے تحت فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) اور گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) کے لیے اظہار دلچسپی (ای او آئی) جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کر دی ہے۔
ڈسکوز کے نجکاری پروگرام کے تحت نجکاری کمیشن نے فیسکو اور گیپکو کے لیے اظہار دلچسپی جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کر دی

مزید خبریں
اسلام آباد۔1جولائی (اے پی پی):نجکاری کمیشن نے بجلی کی تقسیم کار سرکاری کمپنیوں (ڈسکوز) کے نجکاری پروگرام کے پہلے مرحلہ کے تحت فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) اور گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) کے لیے اظہار دلچسپی (ای او آئی) جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کر دی ہے۔
نجکاری کمیشن کی جانب سے بدھ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق فیسکو کے لیے اظہار دلچسپی جمع کرانے کی نئی آخری تاریخ 7 اگست 2026ء شام 4 بجے جبکہ گیپکو کے لیے 21 اگست 2026ء شام 4 بجے (مقامی وقت) مقرر کی گئی ہے جبکہ اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کے لیے اظہار دلچسپی جمع کرانے کی آخری تاریخ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور یہ بدستور 7 ستمبر 2026ء شام 4 بجے (مقامی وقت) ہی رہے گی۔نجکاری کمیشن کے مطابق ممکنہ سرمایہ کاروں کی درخواست پر تاریخوں میں توسیع کی گئی ہے تاکہ انہیں تفصیلی جانچ پڑتال مکمل کرنے اور جامع تجاویز تیار کرنے کے لیے اضافی وقت میسر آ سکے۔
وزارت نجکاری کے مطابق حکومت اپنے وسیع تر معاشی اصلاحات اور نجکاری پروگرام کے پہلے مرحلہ میں شامل بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں مینجمنٹ کنٹرول کے ساتھ 51 سے 100 فیصد تک حصص کی نجکاری کی پیشکش کر رہی ہے۔ اس اقدام کا مقصد ایسے سٹریٹجک سرمایہ کاروں کو راغب کرنا ہے جو آپریشنل کارکردگی بہتر بنانے، صارفین کو خدمات کی فراہمی میں بہتری، لائن لاسز میں کمی اور ملک میں بجلی کی تقسیم کے نظام کو مزید مستحکم بنانے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔
نجکاری کمیشن نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نجکاری کا عمل شفاف، مسابقتی اور سرمایہ کار دوست انداز میں مکمل کیا جائے گا اور اہل ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کی بھرپور شرکت کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، دلچسپی رکھنے والے سرمایہ کار نجکاری کمیشن یا اس کے مالیاتی مشیر الوارز اینڈ مارسل مڈل ایسٹ لمیٹڈ سے مزید معلومات حاصل کر سکتے ہیں اور مقررہ نظرثانی شدہ تاریخوں تک اظہار دلچسپی جمع کرا سکتے ہیں۔








