وزیر اعلی مریم نواز سے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی ملاقات ، سیاسی صورتحال اور بجٹ اجلاس پر تبادلہ خیال

وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف سے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، صوبے کی سیاسی صورتحال اور بجٹ اجلاس پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

لاہور۔1جولائی (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف سے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، صوبے کی سیاسی صورتحال اور بجٹ اجلاس پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے وزیر اعلی کی دو سالہ کارکردگی کو تاریخی اور بے مثال قرار دیا۔ انھوں نے پنجاب میں پہلی بار اضلاع اور تحصیل کی سطح پر الیکٹرک بسیں چلانے کے وزیر اعلی کے اقدام کی ستائش کی۔وزیر اعلی نے سپیکر کی پنجاب اسمبلی کے لیے خدمات کی تعریف کی۔ انھوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور ریکارڈ ڈیجیٹلائزیشن کے لیے سپیکر کے اقدامات انتہائی شاندار ہیں۔

انھوں نے کہا کہ عوامی خدمت کا جو سفر ہم نے شروع کیا ہے،اس کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے گا۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ ستھرا پنجاب اوراپنی چھت اپنا گھر پروگرام کو بین الاقوامی پزیرائی ملنا پنجاب کے لیے قابلِ فخر ہے۔وزیر اعلی مریم نواز شریف کی پرفارمنس صرف باتوں تک نہیں، زمین پر بولتی نظر آ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی نےپنجاب میں تیز ترین رسپانس اور گڈ گورننس کا ایک مثالی ماڈل قائم کیا ہے۔پنجاب اسمبلی کا بجٹ اجلاس عوامی امنگوں کا ترجمان اور صوبے کی ترقی کا سنگِ میل ثابت ہوگا۔نوجوانوں اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے وزیراعلی کے اقدامات تاریخی ہیں۔ پنجاب میں خواتین کا خود کو محفوظ سمجھنا اور نوجوانوں کا مستقبل سے پرامید ہونا مریم نواز شریف کی بڑی کامیابی ہے۔