نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پاکستان میں جامعات اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کے قیام سے متعلق موجودہ رہنما اصولوں کا جائزہ لینے کے لئے ایک کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔
نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت جامعات اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کے قیام سے متعلق موجودہ رہنما اصولوں کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی کا اجلاس

مزید خبریں
اسلام آباد۔1جولائی (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پاکستان میں جامعات اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کے قیام سے متعلق موجودہ رہنما اصولوں کا جائزہ لینے کے لئے ایک کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔بدھ کو وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں پاکستان میں اعلیٰ تعلیمی اداروں کے قیام اور منظوری کے ئے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے مجوزہ 2026 ریگولیٹری فریم ورک کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے کمیٹی کو اس پالیسی پر جامع بریفنگ دی۔کمیٹی نے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے بعض شعبوں میں مزید بہتری کی سفارشات پیش کیں۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے ہدایت کی کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کمیٹی کی سفارشات کو مجوزہ فریم ورک میں شامل کرے اور نظرثانی شدہ مسودہ منظوری کے لئے وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کے ذریعے وفاقی کابینہ کو ارسال کرے۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے حکومت کے معیاری تعلیم کے عزم کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی نظام کو مضبوط بنانا اور اعلیٰ ترین معیار، شفافیت اور عمدگی کے ساتھ علم کی فراہمی موجودہ حکومت کی نمایاں ترجیح ہے۔اجلاس میں وفاقی وزرائے قانون و انسانی حقوق، بین الصوبائی رابطہ، وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت، وزیرِاعظم کے معاونِ خصوصی طارق باجوہ، وفاقی سیکرٹریز اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔








