ایچ ای سی کا امریکہ کی ممتاز جامعات میں پی ایچ ڈی کے لئے سکالرشپس کا اعلان، درخواستیں طلب

ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)نے امریکہ-پاکستان نالج کوریڈور پروگرام کے تحت 2027 کے داخلوں کے لئے امریکہ کی کیو ایس ورلڈ رینکنگ میں شامل ٹاپ 100 جامعات میں پی ایچ ڈی سکالرشپس کے لئے پاکستانی طلبہ سے آن لائن درخواستیں طلب کر لی ہیں۔

اسلام آباد۔1جولائی (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)نے امریکہ-پاکستان نالج کوریڈور پروگرام کے تحت 2027 کے داخلوں کے لئے امریکہ کی کیو ایس ورلڈ رینکنگ میں شامل ٹاپ 100 جامعات میں پی ایچ ڈی سکالرشپس کے لئے پاکستانی طلبہ سے آن لائن درخواستیں طلب کر لی ہیں۔ ایچ ای سی کے مطابق یہ سکالرشپ صرف پی ایچ ڈی پروگرام کے لئے مختص ہے جبکہ ماسٹرز یا ایم ایس سے پی ایچ ڈی پروگرام اس میں شامل نہیں ہوں گے۔ ترجیح ان امیدواروں کو دی جائے گی جنہیں ایچ ای سی کی ترجیحی شعبہ جات میں امریکی جامعات سے داخلہ حاصل ہوگا۔ اعلان کے مطابق سپرنگ/سمر 2027 داخلوں کے لئے درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 اکتوبر 2026 جبکہ فال 2027 داخلوں کے لئے 30 مارچ 2027 مقرر کی گئی ہے۔

درخواستیں ایچ ای سی کے آن لائن سکالرشپ پورٹل کے ذریعے جمع کرائی جا سکیں گی۔ ایچ ای سی کے مطابق سکالرشپ دو زمروں میں تقسیم کی گئی ہے۔ پہلے زمرے میں کیو ایس رینکنگ کی ٹاپ 50 امریکی جامعات میں داخلہ حاصل کرنے والے امیدوار شامل ہوں گے جنہیں یونیورسٹی کے انوائس کے مطابق ٹیوشن فیس، سالانہ 19,200 امریکی ڈالر وظیفہ اور 2,000 امریکی ڈالر سالانہ ہیلتھ انشورنس فراہم کی جائے گی۔

دوسرے زمرے میں 51 سے 100 رینکنگ والی امریکی جامعات میں داخلہ لینے والے طلبہ کو سالانہ 12,000 امریکی ڈالر تک ٹیوشن فیس، 19,200 امریکی ڈالر وظیفہ اور 2,000 امریکی ڈالر ہیلتھ انشورنس دی جائے گی۔ اہلیت کے لئے امیدوار کا پاکستانی یا آزاد جموں و کشمیر کا شہری ہونا، کم از کم 16 سالہ تعلیم (چار سالہ بیچلر ڈگری) مکمل کرنا، تعلیمی کیریئر میں دوسری یا تیسری ڈویژن نہ ہونا اور کسی دوسری سکالرشپ سے مستفید نہ ہونا ضروری ہے۔

عام امیدواروں کے لئے عمر کی حد 35 سال جبکہ سرکاری ملازمین، سرکاری جامعات کے مستقل اساتذہ اور منظور شدہ تحقیقی اداروں کے محققین کے لئے 40 سال مقرر کی گئی ہے۔ امیدوار کے لئے GRE جنرل میں کم از کم 300 نمبر یا ہائر ایجوکیشن ایپٹی ٹیوڈ ٹیسٹ (HAT) میں کم از کم 60 فیصد سکور بھی لازمی ہو گا۔ ایچ ای سی نے مزید ہدایت کی ہے کہ دلچسپی رکھنے والے امیدوار تفصیلی معلومات اور درخواست جمع کرانے کے لئے ایچ ای سی کی ویب سائٹ اور سکالرشپ پورٹل سے رجوع کریں۔