راولپنڈی کینٹ کے بعض رہائشی علاقوں میں پانی کی فراہمی میں عارضی تعطل کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا

راولپنڈی کینٹ کے بعض رہائشی علاقوں میں پانی کی فراہمی میں عارضی تعطل کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ (آر سی بی) نے صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے متاثرہ علاقوں میں جلد معمول کے مطابق فراہمی بحال کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے

راولپنڈی۔1جولائی (اے پی پی):راولپنڈی کینٹ کے بعض رہائشی علاقوں میں پانی کی فراہمی میں عارضی تعطل کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ (آر سی بی) نے صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے متاثرہ علاقوں میں جلد معمول کے مطابق فراہمی بحال کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ متاثرہ علاقوں کے بعض رہائشیوں نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں پانی کی فراہمی کا دورانیہ محدود ہونے کے باعث گھریلو ضروریات کی تکمیل میں دشواری پیش آ رہی ہے۔ شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ پانی کی فراہمی کے اوقات میں اضافہ اور تمام علاقوں میں یکساں تقسیم کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔ مقامی شہریوں نے کہاکہ گرمیوں کے موسم میں پانی کی طلب میں اضافے کے باعث بعض علاقوں میں فراہمی متاثر ہوتی ہے اس لیے مستقل بنیادوں پر مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے پینے کے صاف پانی کی دستیابی کو مزید بہتر بنانے اور واٹر فلٹریشن پلانٹس کی مؤثر دیکھ بھال پر بھی زور دیا۔ شہریوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ متعلقہ ادارے پانی کی فراہمی کے نظام کو مزید بہتر بنانے اور عوامی مشکلات کے مستقل حل کے لیے ضروری اقدامات جاری رکھیں گے۔ دریں اثنا راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے حکام نے بتایا کہ پانی کی فراہمی میں تعطل نیٹ ورک کے ایک بڑے ٹیوب ویل میں اچانک پیدا ہونے والی تکنیکی خرابی کے باعث آیا تھا۔ حکام کے مطابق خرابی دور کر دی گئی ہے اور متعلقہ ٹیوب ویل دوبارہ فعال ہو چکا ہے جبکہ متاثرہ علاقوں میں پانی کی معمول کے مطابق فراہمی جلد بحال کر دی جائے گی۔ حکام نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ شہریوں کو بلا تعطل بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے اور پانی کی فراہمی کے نظام کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کی مشکلات سے بچا جا سکے۔