ننکانہ صاحب ، ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے تاکہ شہری مستفید ہو سکیں،سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ

سیکرٹری ہاوسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ نورالامین مینگل نے ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے ننکانہ صاحب کا دورہ کیا۔سیکرٹری ہاوسنگ نے ڈی سی ننکانہ کے ہمراہ سنت رام اور شہیدی کوٹ میں نئے تعمیر کیے جانے والے ڈسپوزل اسٹیشنز کا دورہ کیا

ننکانہ صاحب ۔ 01 جولائی (اے پی پی):سیکرٹری ہاوسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ نورالامین مینگل نے ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے ننکانہ صاحب کا دورہ کیا۔سیکرٹری ہاوسنگ نے ڈی سی ننکانہ کے ہمراہ سنت رام اور شہیدی کوٹ میں نئے تعمیر کیے جانے والے ڈسپوزل اسٹیشنز کا دورہ کیا۔انہوں نے ریلوے روڑ سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں نئی بچھائی جانے والی سیوریج لائنوں کے تعمیراتی کاموں سمیت پبلک پارکس کے بحالی کے کاموں کا بھی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو، ایم ڈی واسا رانا عادل سمیت دیگر افسران نے ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں بارے سیکرٹری ہاوسنگ کو بریفنگ دی۔

اس موقع پر سیکرٹری ہاوسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ پنجاب نورالامین مینگل نے متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ حکام میگا منصوبوں کو پائیداری اور ٹائم لائن کے مطابق مکمل کروائیں انتظامی افسران سیوریج منصوبوں کے تعمیراتی کاموں پر کڑی نظر رکھیں، ترقیانی منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور ناقص میٹریل کے استعمال پر کنٹریکٹرز کے خلاف کاروائی کی جائے۔ اس موقع پر انہوں نے اے پی پی سے خصوصی طور پر گفتگو کے دوران کہا کہ تعمیراتی منصوبوں پر حفاظتی اقدامات اولین ترجیح ہونی چاہیے، عوامی منصوبوں کی بروقت تکمیل وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کا ویژن ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے تاکہ شہری جلد مستفید ہو سکیں۔