ڈپٹی کمشنر و ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ گلگت کیپٹن (ر) عارف احمد کی زیر صدارت ضلعی انسدادِ منشیات کمیٹی کا اجلاس

ضلع گلگت میں منشیات کی روک تھام اور نوجوان نسل کو اس ناسور سے محفوظ رکھنے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے مربوط اور مؤثر حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کیا ہے

گلگت۔ 01 جولائی (اے پی پی):ضلع گلگت میں منشیات کی روک تھام اور نوجوان نسل کو اس ناسور سے محفوظ رکھنے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے مربوط اور مؤثر حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر و ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ گلگت کیپٹن (ر) عارف احمد کی زیر صدارت ضلعی انسدادِ منشیات کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں منشیات کی روک تھام، متعلقہ قوانین پر مؤثر عملدرآمد، اداروں کے درمیان باہمی تعاون اور عوامی آگاہی کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گلگت، اے ایس پی گلگت، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر، ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر، انٹیلی جنس بیورو (IB)، سپیشل برانچ، اینٹی نارکوٹکس فورس (ANF)، پبلک پراسیکیوٹر، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر کالج گلگت کے پرنسپل سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) عارف احمد نے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات جیسی مہلک لعنت سے محفوظ رکھنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ منشیات فروش عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور مؤثر کارروائیاں مزید تیز کی جائیں، تعلیمی اداروں، عوامی مقامات اور حساس علاقوں میں نگرانی کا نظام مضبوط بنایا جائے جبکہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ اور ہم آہنگی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلع بھر میں انسدادِ منشیات مہم کو مزید فعال اور مؤثر بنایا جائے گا، حساس مقامات کی مسلسل نگرانی کے ساتھ ساتھ تعلیمی اداروں، سول سوسائٹی اور متعلقہ محکموں کے تعاون سے خصوصی آگاہی پروگرام منعقد کیے جائیں گے تاکہ نوجوانوں کو منشیات کے تباہ کن اثرات سے آگاہ کیا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر گلگت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ تمام متعلقہ اداروں کے اشتراک سے ضلع گلگت کو منشیات سے پاک بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی اور اس ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔